سالڈ ویسٹ آئندہ ماہ وسطی اور کورنگی میں کام شروع کرے گا

سالڈ ویسٹ آئندہ ماہ وسطی اور کورنگی میں کام شروع کرے گا

قربانی کے جانوروں کی باقیات اور تمام پوائنٹس خالی کرنے کا کام جاری ہےشکایات کاازالہ بھی بروقت یقینی بنایا گیا،منیجنگ ڈائریکٹر سالڈ ویسٹ زبیر چنہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ اور سیکریٹری بلدیات نجم احمد شاہ کی ہدایت پر منیجنگ ڈائریکٹر سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ زبیر چنہ کی سربراہی میں عیدالاضحی کے فوراً بعد قربانی کے جانوروں کی باقیات اور تمام پوائنٹس، کچرا کنڈیوں اور ڈسٹ بن خالی کرنے کا کام جاری ہے۔ اس سلسلے میں صفائی مہم کا آغاز کردیا گیا ہے۔ سڑکوں کی مکینیکل سوئپنگ کا کام بھی جاری ہے۔ تمام کلیلشن پوائنٹس کو عید کے تیسرے دن دھلائی کے بعد چونے کا چھڑکاؤکرکے کلوز کردیا گیا تھا۔ بعد ازاں ایم ڈی کی ہدایت پر کلیکشن پوائنٹس پر جراثیم کش دواؤں کا اسپرے بھی یقینی بنایا گیا ہے ۔ زبیر چنہ نے عیدالاضحی کے موقع پر آپریشن میں کام کرنے والے افسران و عملہ اور سینیٹری ورکرز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی محنت اور کام کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ عید الاضحی کے دوران عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے سب نے اپنے فرائض کی ادائیگی ذمہ داری سے انجام دی اور تمام عملہ الرٹ رہا جبکہ شکایات کا ازالہ بھی بروقت یقینی بنایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ قربانی کے بعد جانوروں کا بھوسہ، مٹی اور دیگر باقیات کی وجہ سے کچرا معمول سے زیادہ پیدا ہوتا ہے، لہٰذا ہفتہ وار صفائی مہم کے دوران ایک ایک پوائنٹ کو صاف کیا جائے گا۔ شہریوں کو ریلیف دینا ہماری ترجیح ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ سالڈ ویسٹ ضلع وسطی اور ضلع کورنگی میں اگست کے وسط سے کچرا اٹھانے کے کام کا آغاز کردے گا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں