اسٹیل ٹاؤن،روزگار بچاؤ تحریک بڑھانے کیلئے خواتین کا اجلاس

اسٹیل ٹاؤن،روزگار بچاؤ تحریک بڑھانے کیلئے خواتین کا اجلاس

عمران خان نے اسٹیل مل ملازمین سے وعدوں کے برعکس روزگارچھین کر معاشی قتل کیا ،گھروں میں فاقہ کشی کی صورت حال پیدا ہو گئی، رحمت، شمع، فریداں اور دیگر کا خطاب

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان اسٹیل مل سے ملازمین کی جبری برطرفیوں کے خلاف خواتین کی جانب سے روزگار بچاؤ تحریک کو بڑھانے کیلئے اسٹیل ٹاؤن میں کارنر میٹنگ کی گئی، جس میں خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر رحمت، شمع، فوزیہ، فریداں، شمائلہ اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بنانے میں بڑا کردار خواتین کا ہے، فاطمہ جناح، بیگم رعنا لیاقت علی خان، بیگم جہاں آرا شاہ نواز، بیگم مولانا محمد علی جوہر، بیگم نواز اسماعیل، خان بیگم شائستہ اکرام جیسی حریت پسند خواتین نے تحریک چلائی تھی۔ انہوں نے مزید کہاکہ وزیراعظم عمران خان نے اسٹیل مل ملازمین سے جو وعدے کیے اس کے برعکس غریب مزدوروں سے روزگار چھین کر معاشی قتل کیا ہے، بیروزگاری کے باعث ہمارے گھروں میں فاقہ کشی کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے، عمر بڑھنے کی وجہ سے ہمارے مردوں کو کوئی فیکٹری، کمپنی یا ادارہ رکھنے کیلئے تیار نہیں، ایک وقت تھا جب اسٹیل مل ملازمین کو خود پر فخر ہوتا تھا،لیکن آج وہ ذلت کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، کیا ہم محب وطن پاکستانی نہیں، جو ہمارے ساتھ جنگی قیدیوں والا سلوک کیا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ خواتین ہی اپنے بچوں کا مستقبل بچانے کیلئے وفاقی حکومت کے خلاف جدوجہد کر سکتی ہیں کیونکہ تاریخ میں عورت ہی اپنے بچوں کے حقوق کے لیے لڑی ہے اور لڑتی رہے گی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں