صنفی بنیاد پر قانون سازی سب سے زیادہ کی،مرتضیٰ وہاب

صنفی بنیاد پر قانون سازی سب سے زیادہ کی،مرتضیٰ وہاب

ویب سائٹ اپ ڈیٹ ،90روزمیں کیسزکے فیصلوں کیلئے عدالتوں کی مدد چاہیے،288تفتیشی افسران صنفی بنیادوں پر بنائے گئے کیسز کی انکوائری کریں گے ،سیمینار

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے صنفی بنیاد پر قانون سازی سب سے زیادہ کی ہے ،محکمہ قانون میں کی گئی تمام قانون سازی ویب سائٹ پر اپ ڈیٹ کردی گئی ہے، ہمیں عدالتوں کی مدد چاہئے تاکہ صنفی بنیاد سے متعلق کیسز کا فیصلہ 90 روز میں ہو سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ہوٹل میں صنفی بنیاد پر تشدد کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جس میں صوبائی وزیر شہلا رضا، آئی جی سندھ پولیس اور دیگر شخصیات نے بھی شرکت کی۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی نے مزید کہا کہ ہم نے انسانی حقوق اور خواتین کے حقوق پر قانون سازی کی ہے اور کال سینٹر قائم کیا ہے جہاں سے عام آدمی کو مفت قانونی مشورے مل سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئی جی سندھ بھی یہاں موجود ہیں، 288 انویسٹی گیشن آفیسرز صنفی بنیادوں پر بنائے گئے کیسز کی انکوائری کریں گے ۔ اس قانون کو تین سال ہوگئے کہ 90 روز میں کیس کو نکالا جائے مگر یہاں کافی عرصہ لگ جاتا ہے جو نہیں ہونا چاہئے۔ علاوہ ازیں مقامی ہوٹل میں یوتھ پارلیمنٹ کے ممبران سے خطاب میں ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ بہتر رہنمائی اور حوصلہ افزائی کے ذریعے نوجوانوں کی صلاحیتیں ملک و قوم کی فلاح و بہبود اور ترقی کے لئے استعمال کی جاسکتی ہیں۔ انہوں نے یوتھ پارلیمنٹ کے اراکین پر زور دیا کہ وہ اپنی توانائیاں صوبہ اور ملک کی ترقی پر صرف کریں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں