عدالتی حکم عدولی،کمشنر کراچی کے خلاف مقدمہ درج

عدالتی حکم عدولی،کمشنر کراچی کے خلاف مقدمہ درج

احکامات کے باوجود6سال بعد بھی پلاٹوں سے تجاوزات ہٹائی نہیں جاسکیں ,خاتون نے مبینہ ٹاؤن تھانے سے قبضہ مافیا کیخلاف کارروائی کی استدعا کی تھی

کراچی (رپورٹ: بخت علی عباسی) عدالتی احکامات کی عدم تعمیل کمشنر کراچی کو مہنگی پڑگئی، خاتون شہری مسماۃ سیدہ ماریہ رضا کی درخواست پر کمشنر کراچی کے خلاف تھانہ مبینہ ٹاؤن میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق گلشن اقبال بلاک تین لیمو گوٹھ کی رہائشی مسماۃ سیدہ ماریہ رضا نے سپریم کورٹ میں رفاہی پلاٹ نمبر ایس ٹی 1 اور 2 پر تجاوزات کے حوالے سے ایک درخواست دائر کی تھی، جس پر سپریم کورٹ نے اپریل 2021 کو کمشنر کراچی کو رفاہی پلاٹوں سے تجاوزات کو منہدم کرنے، ان کی حفاظت اور وہاں پودے لگانے کی ہدایات جاری کی تھیں ۔ ان احکامات کو 6 سال سے زائد کا عرصہ گزر جانے کے باوجود اب تک مذکورہ پلاٹوں سے تجاوزات نہیں ہٹائی جا سکی ہیں۔ روزنامہ دنیا کو ملنے والی دستاویزات کے مطابق ایڈووکیٹ جنرل سندھ کے آفس کی جانب سے 26 اپریل 2021ء کو کمشنر کراچی کو سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل کیلئے ایک مراسلہ بھی ارسال کیا گیا تھا، لیکن اس کے باوجود تاحا ل کارروائی نہیں کی گئی، جس پر مسماۃ ماریہ رضا نے مبینہ ٹاؤن تھانے کو ایک درخواست دی، جس میں کہا گیا کہ رہائشی علاقے میں کمرشل سرگرمیاں کی جارہی ہیں، لہٰذا استدعا ہے کہ قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی کی جائے۔ جس پر کمشنر کراچی کے خلاف مبینہ ٹاؤن تھانے میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں