نوجوانوں کو تکنیکی مہارت کیلئے مزیدکام کی ضرورت،گورنر

نوجوانوں کو تکنیکی مہارت کیلئے مزیدکام کی ضرورت،گورنر

ملکی معیشت کیلئے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنا انتہائی ناگزیر ہے ، عمران اسماعیل،انٹرنیشنل سیلونیئرہنرمندمقابلہ سرٹیفکیٹ تقریب ،گورنر کاشیف ایسوسی ایشن کو خراج تحسین

کراچی (اسٹاف رپورٹر) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ پاکستان کا سب سے بڑا اثاثہ اس کا انسانی سماجی سرمایہ ہے، ہمیں نوجوانوں کو تکنیکی مہارت سے آراستہ کرنے کے لیے مزید کام کرنے کی ضرورت ہے ، ملکی معیشت کے لئے مہارت اور روزگار کے حصول کے لئے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنا انتہائی نا گزیر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ایجوکیشن ٹریننگ سیکٹر سپورٹ پروگرام (TVET-SSP) کے تحت پہلی کراچی انٹرنیشنل سیلونیئر ہنر مند مقابلہ سرٹیفکیٹ تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی خطاب میں کیا۔ یہ پاکستان، جرمنی، ناروے ، یونان ، آذربائیجان ، جنوبی افریقہ اور سری لنکا کے باورچیوں کے درمیان کھانا پکانے کا مقابلہ تھا۔TVET-SSP کو یورپی یونین ، جرمنی اور ناروے کی طرف سے فنڈ فراہم کیا جاتا ہے تاکہ پاکستان کی رسائی ، معیار، ایکویٹی اور TVET کی مطابقت کو بہتر بنایا جا سکے۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ حکومت سمجھتی ہے کہ تکنیکی مہارت کی ترقی میں سرمایہ کاری قومی ترجیح ہے، حکومت ونجی سیکٹر کے اشتراک سے ٹیکنیکل تعلیم اور تربیت سے اعلیٰ تربیت یافتہ ہیومن ریسورس طلب کے مطابق مہیا کرنے میں مدد ملے گی، اس ضمن میں بھرپور کاوشیں جاری ہیں۔ انہوں نے شیف ایسوسی ایشن آف پاکستان کی کاوشوں کو سراہا کہ ایسوسی ایشن نے ایک شاندار پروگرام کا انعقاد کیا، آئندہ ہونے والے بین الاقوامی شیف مقابلے میں پاکستان کی نمائندگی کا عزم قابل تحسین اقدام ہے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں