ڈاکٹر عبدالقدیر امت مسلمہ کے بڑے لیڈر تھے، رفیق پردیسی

ڈاکٹر عبدالقدیر امت مسلمہ کے بڑے لیڈر تھے، رفیق پردیسی

ملکی دفاع ناقابل تسخیر،سر اٹھا کر جینے کے لائق کر دیا، مضامین نصاب میں شامل کئے جائیں ،برکاتی فاؤنڈیشن کے تحت تعزیتی جلسہ، مصطفی کمال، عارف حبیب و دیگر شریک

کراچی (اسٹاف رپورٹر) برکاتی فاؤنڈیشن کی جانب سے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی یاد میں تعزیتی جلسہ میمن مسجد ایم اے جناح روڈ پر ہوا، جس میں ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت اور درجات کی بلندی کے لئے دعا کی گئی۔ شرکا میں حاجی محمد رفیق پردیسی، سرسید یونیورسٹی کے چانسلر جاوید انوار، مصطفی کمال، عارف حبیب، سینیٹر عبدالحسیب خان، زبیر طفیل، ندیم معاذ جی، راشد عالم، علامہ جمیل راٹھور، مفتی محمد عابد و دیگر شامل تھے۔ برکاتی فاؤنڈیشن کے چیئرمین حاجی رفیق پردیسی نے کہا کہ ڈاکٹر قدیر امت مسلمہ کے بہت بڑے لیڈر تھے، انہوں نے ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنا دیا ، انہوں نے ہمیں سر اٹھا کر جینے کے لائق کر دیا، اسلام آباد کے نئے تعمیر شدہ ائر پورٹ کو ان سے موسوم کیا جائے ، اسکول اور کالج کی سطح پر ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے بارے میں مضامین نصاب میں شامل کئے جائیں اور ان پر پی ایچ ڈی کی جائے ، ہم پانچ لوگوں کو اسکالر شپ دینے کے لئے تیار ہیں جو ڈاکٹر قدیر پر پی ایچ ڈی کرنا چاہتے ہیں ، اگر حکومت ان کا مزار نہیں بنائے گی تو ہم بنائیں گے ۔ پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین مصطفی کمال نے کہا کہ اللہ تعالیٰ بڑے کاموں کے لئے کچھ لوگوں کو چنتا ہے ، ڈاکٹر عبدالقدیر خان بھی ایسے ہی منتخب کردہ لوگوں میں سے تھے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں