نیوسبزی منڈی،ڈاکو دن دیہاڑے 15لاکھ روپے لوٹ کرفرار

نیوسبزی منڈی،ڈاکو دن دیہاڑے 15لاکھ روپے لوٹ کرفرار

تاجروں کا پولیس کیخلاف احتجاج، سبزی منڈی کو غیرمعینہ مدت کیلئے بند کرنے پر غور،بہادر آباد میں تین موٹرسائیکلوں پرسوار9ملزمان نے سپراسٹورسے 9لاکھ روپے لوٹ لئے

کراچی (اسٹاف رپورٹر)نئی سبزی منڈی کے اندر مسلح ملزمان دن دیہاڑے پندرہ لاکھ روپے چھین کر فرار ہوگئے، تاجروں کا پولیس کے خلاف احتجاج، پولیس کی عدم دلچسپی کے باعث سبزی منڈی کو غیر معینہ مدت کے لئے بند کرنے پر غور شروع کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سائٹ سپر ہائی وے صنعتی ایریا کے علاقے نیو سبزی منڈی میں مسلح ڈاکوئوں نے تاجر شہزر سلیم کے ملازمین سے پندرہ لاکھ روپے لوٹے اور باآسانی فرارہوگئے۔ اس حوالے سے سبزی منڈی کے تاجروں کا کہنا تھا کہ سبزی منڈی کی حفاظت پر مامور پولیس اور سبزی منڈی کے سیکیورٹی گارڈ دیکھتے رہ گئے اور ملزمان واردات کرکے فرار ہوگئے۔ پولیس کی عدم دلچسپی اور ایف آئی آر کاٹنے میں تاخیری حربے استعمال کرنے پر تاجروں میں سخت اشتعال پایا جا رہا ہے ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مدعی سے رابطہ کرلیا ہے، وہ تھانے آکر مقدمہ درج کرائیں گے۔ پولیس نے مزید بتایا کہ مذکورہ واقعہ پیر کی دوپہر ساڑھے بارہ بجے پیش آیا، تاہم پولیس واقعہ کی مزید تفتیش کررہی ہے۔ ادھر بہادر آباد میں سپر اسٹور میں ڈکیتی کی واردات کے دوران ملزمان لاکھوں روپے لوٹ کر فرار ہو گئے۔ پولیس حکام نے بتایا کہ ملزمان تین موٹرسائیکلوں پر سوار تھے، 5 ملزمان نے ماسک اور 2 نے ہیلمٹ پہنے ہوئے تھے۔ حکام کے مطابق ملزمان کیش کاؤنٹر سے 9 لاکھ 35 ہزار 6 سو81 روپے لوٹ کر فرار ہوئے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں