سن میں ملاح برادری کی قبروں کی بے حرمتی کا افسوسناک واقعہ

سن میں ملاح برادری کی قبروں کی بے حرمتی کا افسوسناک واقعہ

ملزمان کی عدم گرفتاری کے خلاف ملاح برادری کے مختلف شہروں میں مظاہرے

حیدرآباد، اندرون سندھ(نمائندگان دنیا) سندھ ملاح فورم حیدر آباد کی جانب سے سندھ کے شہر سن میں ملاح برادری کی قبروں سے لاشیں نکال کر دریا میں بہانے اور بے حرمتی کرنے کے واقعے میں ملوث ملزمان کی عدم گرفتاری اور کیس سے دستبرداری کیلئے دھمکیوں کے خلاف حیدرآباد پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے نعرے بازی کی گئی۔ اس موقع پرمظاہرین نے بتا یاکہ سن شہر میں ملاح برادری کے 12 افراد کی قبروں سے میتیں نکال کر بے حرمتی کرنے والے ظفر شاہ، ملوک شاہ اور ان کے ساتھیوں کو اب تک گرفتار نہیں کیا گیا ہے جبکہ ملا ح برادری کو قتل کی دھمکیاں دی اور سندھ پولیس کے ذریعے ہراساں کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ بدھوتالپور سے نمائندے کے مطابق چیئرمین سندھ ملاح فورم سائیں رکھیو میرانی کی اپیل پر سجاول میں بھی سندھ ملاح فورم کی جانب سے سن میں مظلوم ملاح برادری سے ناانصافی کرنے والے ظفرشاہ سنائی،ملوک شاہ اور ٹائون کمیٹی کے ملوث ملازمین کی گرفتاری کے لئے مرکزی رہنمائوں ڈاڈا آدم گندرو، ڈاکٹر نوراحمد ملاح،نواب روپائی اور دیگر نے سورج سجاولی پریس کلب کے سامنے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ قبروں کی بے حرمتی کا واقعہ انسانیت کی تذلیل ہے جس کے ذمے داروں کو پولیس کا گرفتار نہ کرنا افسوسناک ہے۔ سکھر سے نمائندے کے مطابق سن میں قبضہ مافیا کی جانب سے قبروں کو مسمار کرنے کے خلاف سندھ ملاح فورم سکھر کے زیر اہتمام کارکنان کی کثیر تعداد نے محمد بن قاسم پارک تا سکھر پریس کلب احتجاجی ریلی نکالی اور واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ ٹنڈو محمد خان سے نمائندے کے مطابق سندھ ملا ح فورم کی جانب سے سن شہر میں ملاح برادری کے قبرستان پر قبضے اور لاشوں کی بے حرمتی کیخلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی اور پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں