تیز رفتار گاڑیوں نے 7 افراد کی جان لے لی

تیز رفتار گاڑیوں نے 7 افراد کی جان لے لی

موٹر سائیکلوں میں تصادم، نوجوان چل بسا، بھینس کالونی میں لاریب نشانہ بنا،نیو کراچی میں ڈمپرنے موٹرسائیکل سوارکوکچل دیا، ملیر سٹی میں راہگیر خاتون ماری گئی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر قائد میں دو روز کے دوران مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات میں 7 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق بارہ ربیع اول کے روز ریڈیو پاکستان کے قریب ٹریفک حادثے میں ایک شخص جاں بحق، دوسرا زخمی ہو گیا۔ متوفی کی شناخت24سالہ عاطف ولدغلام اور زخمی کی 18 سالہ کاشف ولد اکبرکے نام سے کرلی گئی۔ ریسکیو حکام کے مطابق ٹریفک حادثہ دو موٹر سائیکلوں کے درمیان تصادم کے باعث پیش آیا۔ شاہ لطیف ٹاؤ ن کے علاقے بھینس کالونی عبداللہ کٹ رزاق آباد پولیس ٹریننگ سینٹر کے قریب ٹریفک حادثے میں ایک نوجوان جاں بحق ہوگیا۔ متوفی کی شناخت 18سالہ لاریب ولد عابد کے نام سے کر لی گئی۔گلستان جوہر کے علاقے رابعہ سٹی کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار 24سالہ ریحان جاں بحق ہوگیا۔ سرجانی ٹاؤن کے علاقے ناردرن بائی پاس نزد تیسر ٹاؤن کے قریب ٹریفک حادثے میں 45سالہ نامعلوم شخص جاں بحق ہوگیا۔ نیوکراچی کے علاقے نیوکراچی سیکٹرالیون جے بسم اللہ ہوٹل کے قریب تیز رفتار ڈمپرنے موٹرسائیکل سوار کو کچل دیا۔ متوفی کی شناخت 30 سالہ محمد حسنین کے نام سے کرلی گئی، ڈمپر کا ڈرائیور موقع سے فرارہوگیا۔ پاک کالونی کے علاقے گٹر باغیچہ کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے موٹرسائیکل پر سوار شخص جاں بحق ہوگیا، جس کی لاش ایمبولینس کے ذریعے سول اسپتال لائی گئی ۔ ملیر سٹی کے علاقے ملیر انور بلوچ ہوٹل کے قریب تیز رفتار نامعلوم گاڑی کی ٹکرسے راہگیر خاتون 50 سالہ وزیراں زوجہ عبدالرحیم چل بسی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں