پی ای سی ایچ ایس کونالے سے ملحقہ تجاوزات ختم کرنیکا حکم

پی ای سی ایچ ایس کونالے سے ملحقہ تجاوزات ختم کرنیکا حکم

نالے کے دونوں اطراف رائٹ آف وے پرکوئی تعمیر نہیں ہوسکتی، عدالت عظمیٰ،نالے پر دکانوں کی تعمیر کے خلاف بلدیہ عظمیٰ کراچی کی درخواست کی سماعت

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سپریم کورٹ نے کراچی میں پی ای سی ایچ ایس کو نالے سے ملحقہ تجاوزات فوری ختم کرنے کا حکم دیتے ہوئے ریمارکس دیے کہ نالے کے دونوں اطراف رائٹ آف وے پرکوئی تعمیر نہیں ہوسکتی۔ بدھ کو سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں چیف جسٹس گلزار احمد، جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس قاضی محمد امین احمد پر مشتمل لارجر بینچ نے پی ای سی ایچ ایس میں نالے پر دکانوں کی تعمیر کے خلاف بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کی۔ سماعت کے موقع درخواست گزار کے ایم سی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ دکانوں کی تعمیر سے نالا مختصرہوگیا ہے ، بڑھتی آبادی کے پیش نظر نالا چوڑا کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ دوران سماعت چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ ان دکانوں کی تعمیر کی کس نے اجازت دی تھی، جس پر کے ایم سی کے وکیل کا کہنا تھا کہ یہ دکانیں پی ای سی ایچ ایس نے الاٹ کی تھیں۔ اس موقع پر جسٹس اعجاز الاحسن کا ریمارکس میں کہنا تھا کہ نالے کے دونوں اطراف20،20فٹ تک کچھ تعمیر نہیں ہوسکتا، آپ ایک جگہ بلاک کردیں گے تو پیچھے سارا نالا بلاک ہوجائے گا۔ سماعت کے دوران پی ای سی ایچ ایس کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ کے ایم سی کا بیان غلط ہے ،نالے پرکوئی تعمیر نہیں ہوئی۔ اس موقع پر عدالت کا اپنے ریمارکس میں کہنا تھا آپ لکھ کردیں نالے کے دونوں اطراف 20 فٹ تک کوئی تعمیرنہیں ہوگی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں