تاریخی عمارتیں محفوظ بنانے کیلئے کمیٹی فعال کرنے کا فیصلہ

تاریخی عمارتیں محفوظ بنانے کیلئے کمیٹی فعال کرنے کا فیصلہ

افسران ضلع کی بہتری کے لئے اقدامات کریں، مسائل کے حل کے لئے متعلقہ شہری ترقیاتی اور بلدیاتی ادارروں کے ساتھ رابطہ کو مضبوط بنائیں، کمشنر،اقبال میمن کا ضلع جنوبی میں این جے وی اسکول، جہانگیر پارک اور دیگر مراکز کا دورہ، ڈپٹی کمشنر کی ضلعی انتظامیہ کے اقدامات کے بارے میں بریفنگ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی کی تاریخی عمارتوں کو محفوظ بنانے سے متعلق کمشنر کراچی کی سربراہی میں قائم ہیری ٹیج پریزرویشن کمیٹی کو فعال کیا جائے گا تاکہ تاریخی عمارتوں کو محفوظ بنانے کے حکومتی اقدامات کو موثر بنایا جا سکے ۔ اس بات کا فیصلہ کمشنر کراچی محمد اقبال میمن کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں کیاگیا ۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر جنوبی ارشاد سوڈھر اور تمام اسسٹنٹ کمشنرز جنوبی نے شرکت کی۔ کمشنر نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ ضلع کی بہتری کے لئے اقدامات کریں، شہریوں کے مسائل سنیں، مسائل کے حل کے لئے شہریوں کی ہر ممکنہ مددو رہنمائی کریں، ان کے مسائل کے حل کے لئے متعلقہ شہری ترقیاتی اور بلدیاتی ادارروں کے ساتھ رابطہ کو مضبوط بنائیں۔ اجلاس میں کمشنرکو عوام کے مسائل کی کوششوں کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر جنوبی ارشاد سوڈھر نے ضلع جنوبی میں شہریوں کے مسائل، شہر کی ترقی سے متعلق ضلعی انتظامیہ کے اقدامات اور کوششوں کے بارے میں چارٹس اور تصاویرکے ذریعے تفصیلی بریفنگ دی۔ بعد ازاں کمشنر نے ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنرز کے ہمراہ ضلع جنوبی کے مختلف علاقوں کا آگاہی دورہ کیا۔ انہوں نے ضلع میں قائم تاریخی اسکول این جے وی اسکول، جہانگیر پارک اور دیگر مراکز کا دورہ کیا۔ کمشنر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شا ہ کے وژن کے مطابق حکومت سندھ کراچی نیبر ہوڈ امپروومنٹ منصوبوں کے ذریعے ضلع جنوبی کورنگی اور ملیر سمیت شہر کے مختلف اضلاع میں علاقوں کو ترقی دینے سہولتوں کو بہتر بنانے، ماحولیات کے تحفظ، ماحول کو خوبصورت بنانے، معیاری کھیلوں کے میدان اور کھیل کی سہولتوں کو بہتر بنانے کے کوشاں ہے۔ ڈپٹی کمشنرز کو چاہئے کہ وہ ان کوششوں کو بارآور کرنے میں اپنا موثر کردار ادا کریں۔ ضلع جنوبی میں جاری کراچی نیبر ہوڈ امپروومنٹ منصوبوں کے بارے میں ڈپٹی کمشنر ارشاد سوڈھر نے تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ بوٹ بیسن امپروومنٹ پروجیکٹ ،ککری اسپورٹس کمپلیکس اور گزری اسپورٹس گراؤنڈ منصوبوں پر جلد کام شروع کرنے کیلئے عمل جاری ہے۔ ٹینڈر جاری کر دیئے گئے ہیں۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون تبریز مری نے کمشنر کو بتا یا کہ ضلع جنوبی میں ڈومیسائل کے اجرا کو کمپیوٹرائزڈ کر دیا ہے، اس سے شہریوں کو سہولت ملی ہے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں