غلط حکومتی پالیسیوں سے غربت بڑھتی جا رہی، سید عبدالرشید

غلط حکومتی پالیسیوں سے غربت بڑھتی جا رہی، سید عبدالرشید

جماعت اسلامی نچلی سطح پر عوام کے مسائل حل کرنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے،الخدمت کے تعاون سے لیاری میں لگائے گئے بچت بازار کا دورہ، صحافیوں سے گفتگو

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی ضلع جنوبی کے امیر و رکن اسمبلی سید عبدالرشید نے کہا ہے کہ حکومت اپنے بنیادی فرائض سے غفلت برتتے ہوئے لوٹ مار اور کرپشن میں مصروف ہے ، مہنگائی نے عوام سے نوالہ بھی چھین لیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی لیاری اور الخدمت کے تعاون سے لگائے گئے بچت بازار کے دورے کے موقع پر کیا۔ الخدمت بچت بازار میں فیکٹری نرخوں پر بغیر کسی منافع کے جماعت اسلامی کے کارکنان کی جانب سے مختلف اشیا خور ونوش کے اسٹال لگائے گئے تھے۔ سید عبدالرشید نے بازار میں خریداری کے لئے آنے والے شہریوں سے بھی ملاقات کی اور ان کے تاثرات معلوم کئے۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں سید عبدالرشید نے کہا کہ الخدمت بچت بازار کے تحت غریب عوام کو اشیا خورونوش کم قیمتوں پر فراہم کی جارہی ہیں، جماعت اسلامی اور اس کا فلاحی ادارہ الخدمت عوام کی فلاح کے لئے تعلیم، صحت اور خوراک کی ضروریات پر خصوصی توجہ دے رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن، بد عنوانی اور غلط حکومتی پالیسیوں کے باعث ملک میں غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے والوں کی تعداد دن بدن بڑھتی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نچلی سطح پر عوام کے مسائل حل کرنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے، عوام کو ان کی دہلیز پر بنیادی سہولتیں فراہم کرنے پر یقین رکھتے ہیں، جماعت اسلامی ہی میں یہ صلاحیت ہے کہ وہ عوام کو بنیادی حقوق فراہم کرنے سمیت غربت، مہنگائی جیسے مسائل سے نجات دلائے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں