محکمہ صحت ڈینگی کی روک تھام میں غیر سنجیدہ، کیسز پوشیدہ رکھنے کی کوششیں

محکمہ صحت ڈینگی کی روک تھام میں غیر سنجیدہ، کیسز پوشیدہ رکھنے کی کوششیں

چوبیس گھنٹوں میں 45 کیسز ریکارڈ، 34 صرف کراچی کے ہیں، محکمہ صحت درست اعداد و شمار ظاہر نہیں کر رہا، اب تک 1800 سے زائد افراد ڈینگی وائرس میں مبتلا ہو چکے جن کا ریکارڈ مرتب نہیں، ذرائع

کراچی (رپورٹ: کفیل الدین فیضان) ڈینگی وائرس کے کیسز میں دن بدن اضافہ ہونے لگا، صوبہ میں 24 گھنٹوں کے دوران 45 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، جن میں سے 34 افراد کا تعلق کراچی کے مختلف علاقوں سے ہے، تاہم محکمہ صحت سندھ کی جانب سے درست اعدادو شمار ظاہر نہیں کئے جا رہے،گزشتہ دو روز سے محکمہ صحت وائرس میں مبتلا افراد کی فہرست بھی مرتب نہیں کررہا، جس کے سبب ڈینگی وائرس کے کتنے کیسز سرکاری سطح پر رپورٹ ہوئے کچھ پتا نہیں چل رہا۔ ذرائع مطابق محکمہ صحت کی جانب سے 2 روز سے اعداد و شمار جاری نہیں ہوئے، جبکہ ترجمان کی جانب سے دو دن بعد کی کوئی رپورٹ بھیجی جاتی ہے تو اس میں صرف 24 گھنٹوں کے کیسز کا تذکرہ ہوتا ہے، جبکہ 48 گھنٹوں میں کتنے کیسز رپورٹ ہوئے اسے چھپا لیا جاتا ہے۔ صوبے میں اب تک 1800 سے زائد کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں، تاہم محکمہ صحت سندھ کی جانب سے ان کا ریکارڈ مرتب نہیں ہے۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ حیدر آباد میں ویکٹر بون ڈیزیز کا شعبہ قائم ہونے کے بعد ڈینگی کیسز کے اعدادو شمار تاخیر سے دیے جاتے ہیں، جبکہ گزشتہ 2 روز سے محکمہ صحت کی جانب سے وائرس میں مبتلا افراد سے متعلق ڈیٹا فراہم نہیں کیا جا رہا۔ جمعہ کوجاری اعدادو شمار کے مطابق سندھ میں 24 گھنٹوں کے دوران45 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی۔ ترجمان محکمہ صحت کے مطابق موجودہ اضافے کے بعد رواں ماہ ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد 1960 تک پہنچ گئی ہے،45 افراد میں سے 34 صرف کراچی میں متاثر ہوئے ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں