سندھ میں سرمایہ کاری کے متعدد مواقع موجود،قاسم نوید

سندھ میں سرمایہ کاری کے متعدد مواقع موجود،قاسم نوید

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے سرمایہ کاری سید قاسم نوید قمر نے قطر کے قونصل جنرل مشعل محمد ال انصاری سے ملاقات کی۔

 اس موقع پر سیکریٹری سرمایہ کاری سندھ بلال احمد، پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ یونٹ کے ڈائریکٹر جنرل خالد محمودشیخ، ڈپٹی سیکریٹری سرمایہ کاری یوسف شیخ اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ اس موقع پر قاسم نوید قمر نے قونصل جنرل کو سندھ میں سرمایہ کاری کے مواقع کے بارے میں آگاہی دی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے متعدد مواقع موجود ہیں اور سندھ حکومت نے سرمایہ کاروں کے لئے بیشتر سہولیات مہیا کی ہیں، انویسٹمنٹ کے قواعد کو آسان کیا گیا ہے اور صوبے میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت بھی سرمایہ کاری کا خیر مقدم کیا جارہا ہے، سندھ حکومت کی ترغیبات کو دیکھتے ہوئے مقامی سرمایہ کاروں کے ساتھ ساتھ بیرونی سرمایہ کار بھی مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی لے رہے ہیں۔

اس موقع پر سیکریٹری سرمایہ کاری بلال احمد اور ڈائریکٹر جنرل پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ یونٹ خالد محمود شیخ نے قونصل جنرل کو سندھ میں انفرا اسٹرکچر ڈیولپمنٹ، سیاحت، ہوٹل انڈسٹری، توانائی اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع کے بارے میں آگاہ کیا۔ قطر کے قونصل جنرل نے کہا کہ دونوں ملکوں کے سرمایہ کاروں کے مابین روابط بڑھانے کے لئے وہ مکمل معاونت کریں گے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں