اورنگی ٹائون میں غیرقانونی پانچ منزلہ عمارت گرانے کاحکم

اورنگی ٹائون میں غیرقانونی پانچ منزلہ عمارت گرانے کاحکم

کراچی (اسٹا ف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ نے اورنگی ٹائون میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف دائردرخواست پر حکام کو پانچ منزلہ عمارت کی مسماری کا حکم دیدیا۔ عدالت نے متعلقہ ڈائریکٹر ایس بی سی اے کو عملدرآمد رپورٹ کے ہمراہ آئندہ سماعت پر پیش ہونے کا بھی حکم دیدیا۔

 بدھ کو جسٹس سید حسن اظہر رضوی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے شہری محمد نثار کی درخواست کی سماعت کی۔ عدالت نے ریمارکس دیے 2017کے بعد سے اب تک کیوں کچھ نہیں کیا گیا؟ ایس بی سی اے حکام نے بتایا کہ کارروائی کے لیے پولیس کا تعاون درکار ہے ۔ علاوہ ازیں اسی عدالتی بینچ نے پی این ٹی ہاؤسنگ سوسائٹی میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف دائر درخواست پر ڈپٹی کمشنر کورنگی، ایس ایس پی اور دیگر اداروں کو تعاون کی ہدایت کرتے ہوئے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی سے ایک ماہ میں انہدام کی رپورٹ طلب کرلی۔

عدالت نے ڈپٹی ڈائریکٹر ایس بی سی اے سے مکالمہ میں کہا کہ جب غیر قانونی کام ہوتے ہیں اس وقت کہاں جاکر سوجاتے ہیں، اب پوری ریاستی مشینری کو ملوث کرنا پڑے گا انہدام کیلئے ۔ اب عدالت آئے ہیں تو بھی فائل نہیں آپ کے پاس، کیا کرنے آئے ہیں۔ جسٹس حسن اظہر رضوی نے ریمارکس دیے عمارات ایک دن میں تو نہیں بن گئی ہوں گی، جب خود مشورہ دیا ہوگا کہ جاؤ عدالت سے حکم امتناع لے آؤ۔ یہاں ایسے کام بھی بہت ہوتے ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں