وزیراعظم ڈوبتی کشتی بچانے کیلئے سرگرم،پیپلزپارٹی

وزیراعظم ڈوبتی کشتی بچانے کیلئے سرگرم،پیپلزپارٹی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے سیکریٹری اطلاعات سینیٹر عاجز دھامرا، ضلع شرقی کے سیکریٹری اطلاعات وقاص شوکت اور ضلع سینٹرل کے سیکریٹری اطلاعات شہزاد مجید نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ سلیکٹڈ وزیراعظم عمران خان اپنی ڈوبتی کشتی بچانے کیلئے ہاتھ پاؤں مارنا شروع ہوگئے ہیں، وہ جان چکے ہیں کہ وہ صرف ایک کمرے تک کے وزیراعظم ہیں۔

 انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی ڈرامائی حکومت کا ڈرامہ اب فلاپ ہوچکا ہے، ٹی وی پر آکر وہ ملک کے وزیر اعظم کم اور کسی پرائیویٹ کمپنی کے مارکیٹنگ منیجر زیادہ لگتے ہیں جنہیں ملک اور عوام سے زیادہ اپنے کاروبار اور فائدے کی فکر ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تین سال سے چور چور اور اپوزیشن کے نعرے مارنے والوں سے جب قوم تبدیلی اور ترقی کی بات کرتی ہے تو ان کا اشارہ صرف ماضی کی حکومتوں کی طرف ہوتا ہے، جبکہ تین سال میں ملک میں مہنگائی، بیروزگاری کا جو طوفان برپا ہوا اس پر چپ سادھ لیتے ہیں اور اپنی کارکردگی اور پی ٹی آئی حکومت کی میگا کرپشن پر آواز تک نہیں نکالتے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کے دن گنے جا چکے ہیں ، اس نالائق حکومت کا خاتمہ کرنے کیلئے بلاول بھٹو زرداری نے مارچ کا اعلان کر دیا ہے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں