شدید سردی سے کورونا کا پھیلاؤ مزید بڑھ سکتا ہے، ماہرین

شدید سردی سے کورونا کا پھیلاؤ مزید بڑھ سکتا ہے، ماہرین

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ماہرین طب نے خبردار کیاہے کہ موسم مزید ٹھنڈا ہونے سے کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں تیزی آسکتی ہے، فلو، نزلہ، زکام اور گلے کی خرابی کی علامات بھی کورونا اومیکرون جیسی ہی ہیں۔

 اس ضمن میں سابق وائس چانسلر پروفیسر طارق رفیع، ای این ٹی کے پروفیسر رزاق ڈوگر اور پروفیسر سعید خان نے بتایاکہ تیز و گرد آلود ہوائیں فلو، نزلہ اور سانس کی بیماریاں پیدا کرسکتی ہیں، ان بیماریوں کی علامات کورونا جیسی ہی ہوتی ہیں، عوام سرد موسم میں احتیاط کریں اور ویکسی نیشن مکمل کرائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہری خراب موسم میں غیر ضروری طور پر باہر نہ نکلیں، گرد آلود ہواؤں سے نظام تنفس متاثر اور گلا خراب ہو سکتا ہے ، گھر کے گرم مشروبات چائے، قہوہ اور یخنی کا استعمال مفید ہے ، گلے میں خراش ہونے کی صورت میں گرم پانی سے غرارے کئے جائیں۔

ماہرین طب نے کہا کہ کراچی میں سردی کی بارشوں کے بعد یخ بستہ گرد آلود ہواؤں سے موسم شدید سرد ہو گیا ہے ، جس سے کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں مزید تیزی آسکتی ہے۔ واضح رہے کہ سردی کی شدت میں اضافے کے باعث کراچی میں گلے کے امراض میں اضافہ ہو گیا ہے ۔ مختلف اسپتالوں میں شہریوں کی بڑی تعداد گلے میں تکلیف، نزلہ ، زکام ، کھانسی ، سر درد، ناک بند ہونے، ناک سے پانی گرنے ، چھینکیں آنے ، گلے میں درد وخراش، جسم میں درد اور بخارکی شکایات کے ساتھ آرہی ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں