پی ایس ایل7 کا آج آغاز، 5650 اہلکار سیکیورٹی پر مامور

پی ایس ایل7 کا آج آغاز، 5650 اہلکار سیکیورٹی پر مامور

کراچی (اسٹاف رپورٹر) آج سے شروع ہونے والے پی ایس ایل7 میچز کے سلسلے میں سیکیورٹی ڈویژن کی جانب سے جامع سیکیورٹی پلان مرتب کرلیا گیا۔

پولیس کے مطابق مجموعی طورپر 5650 اہلکار سیکیورٹی پرمامورہونگے ،جن میں ایس ایس یو کے 1200 کمانڈوز سمیت سیکیورٹی ڈویژن کے 1700، ٹریفک پولیس کے 1500، اسپیشل برانچ کے 500، ریپڈ رسپانس فورس کے 250 اہلکار، سندھ رینجرزکے جوان اوردیگرقانون نافذ کرنے والے ادار ے کے اہلکار نیشنل اسٹیڈیم، کراچی ائرپورٹ، روٹس، پریکٹس گراؤنڈز، پارکنگ پوائنٹس، ہوٹلز اور دیگر مختلف جگہوں پر ڈیوٹی سر انجام دیں گے جبکہ ماہر نشانہ باز بھی اہم تنصیبات پر تعینات کیے جائیں گے۔

کمانڈ اینڈ کنٹرول بس اسٹیڈیم کے اطراف امن و امان کی نگرانی کے لیے نیشنل اسٹیڈیم پرتعینات کی جا ئے گی جبکہ ٹیموں کی نقل وحرکت کے دوران فضائی نگرانی بھی کی جائے گی۔ مزید برآں جدید تربیت یافتہ اور جدید اسلحہ سے لیس کمانڈوز بشمول لیڈی کمانڈوز پرمشتمل اسپیشل ویپن اینڈ ٹیکٹکس (S.W.A.T) ٹیم کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ایس ایس یوہیڈکوارٹرز میں الرٹ رہے گی۔ عوام کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے سرشاہ سلیمان روڈ کے ایک ٹریک کے علاوہ تمام سڑکیں/ شاہراہیں ٹریفک کے لیے کھلی رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ شائقین کو شٹل بس سروس کے ذریعے پارکنگ پوائنٹس سے اسٹیڈیم تک لایا جائے گا۔ کرکٹ شائقین کی رہنمائی کے لیے ٹریک سوٹ میں ملبوس ایس ایس یوکما نڈوز پارکنگ پوائنٹس سے انکلوژر تک ان کی رہنمائی کریں گے۔

شائقین کو اپنی شناخت ثابت کرنے کے لیے قومی شناختی کارڈ اپنے ہمراہ لازمی رکھنا ہے، لمبی قطاروں میں انتظار سے بچنے کے لیے اسٹیڈیم میں وقت سے پہلے پہنچیں، 12 سال سے زائد عمر کے افراد کے لیے کوویڈ 19ویکسی نیشن لازمی ہے، اسٹیڈیم میں داخلے سے پہلے شائقین کو ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ پیش کرنا ہوگا۔ اسٹیڈیم میں داخلے کے وقت ماسک پہننا لازمی ہے۔ این سی او سی کے منظور کردہ ضوابط کی خلاف ورزی کی صورت میں اسٹیڈیم سے باہر نکال دیا جائے گا، کوئی بھی اسلحہ، کھلونا بندو قیں، دھماکا خیز مواد، پٹاخے، سگریٹ، ماچس، لائٹر، کوئی بھی تیز دھار آلہ جیسے چاقو اور دھات یا لکڑی اسٹیڈیم کے اندر لے جانے کی اجازت نہیں ہے۔

کسی بھی بینر/پوسٹر/ پلے کارڈ جس پر مذہب یا نسل کی بنیاد پر امتیازی سلوک یا فحش باتیں درج ہوں کی سختی سے ممانعت ہے۔ کرکٹ شائقین کوگراؤنڈ، فنکاروں اور ساتھی تماشائیوں پر کسی قسم کی چیز پھینکنے کی اجازت نہیں ہے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں