معیشت،نظام عدل اور تعلیمی نظام مضبوط کرنا ہوگا، قدیر اعوان

معیشت،نظام عدل اور تعلیمی نظام مضبوط کرنا ہوگا، قدیر اعوان

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ہمیں اپنی معیشت ، نظام عدل اور تعلیمی نظام کو مضبوط کرنا ہوگا، ایک مستحکم ریاست ہی دوسروں کی مدد کر سکتی ہے ، آج ہم کشمیر کے لیے آواز بلند کر رہے ہیں۔۔۔

 لیکن یہ آواز اس وقت کار آمد ہوگی جب ہم بحیثیت قوم مضبوط قدموں پر کھڑے ہوں گے ۔ ان خیالات کا اظہار عبدالقدیر اعوان شیخ امیر سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ و سربراہ تنظیم الاخوان پاکستان نے دو روزہ ماہانہ روحانی اجتماع کے موقع پرخطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ آج کے حالات کو درست کرنے کے لیے ہمیں اپنے رہن سہن سے لے کر حکومتی سطح تک کے نظام کو اصول و ضوابط کے مطابق لانا ہوگا، اس کے بغیر گزرتی زندگی محض حیات ہوتی ہے، اسلامی اصولوں میں ہماری حیات ہے، اس لیے ضروری ہے کہ جہاں ہم دنیاوی علوم حاصل کر رہے ہیں وہاں دینی علوم بھی حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ انسانیت کا معیار انسانی رویہ ہے اور وہ معاملات جو وہ دوسروں کے ساتھ کرتا ہے، کہا جاتا ہے کہ حقوق اللہ کی خیر ہے حقوق العباد پورے ہونے چاہئیں یہ درست نہیں ہے، حقوق العباد وہی نبھا سکتا ہے جو حقوق اللہ پورے کر رہا ہو، اللہ کریم کے احکامات کو پورا کرنے والا ہی اللہ کے بندوں کے حقوق پورے کر سکتا ہے، ارشاد باری تعالیٰ ہے نماز کی ادائیگی کرو، مال خرچ کرو،وعدہ پورا کرو، امانت دار بنو،حق کی گواہی دو، ہم یہ سب یاد رکھیں گے تو لوگوں کے ساتھ معاملات خوش اسلوبی سے کر سکیں گے۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں