مقبوضہ کشمیر آج ایک بڑی جیل بنا ہوا ہے، وزیربلدیات

مقبوضہ کشمیر آج ایک بڑی جیل بنا ہوا ہے، وزیربلدیات

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے یومِ یکجہتی کشمیر ریلی میں خصوصی شرکت کی۔

اس موقع پر آئی جی سندھ غلام نبی میمن، کمشنر کراچی محمد اقبال میمن، وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی طارق حسن، کراچی کے ضلعی ڈپٹی کمشنرز، پولیس افسران بھی موجود تھے ۔ ریلی میں اسکولوں کے طلبا و طالبات، اساتذہ کرام ، کشمیری عمائدین، زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی معززین اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر وزیر بلدیات نے کہا کہ ہمارا اقوامِ عالم سے مطالبہ ہے کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دیا جائے ، کشمیری بھائیوں کے حق خود ارادیت کی جدوجہد سات دہائیوں سے جاری ہے، مقبوضہ کشمیر آج ایک بڑی جیل بنا ہوا ہے،کشمیری شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور قیدوبند کی صعوبتیں برداشت کرنے والے مظلوم کشمیری بھائیوں سے بھرپور اظہارِ یکجہتی کرتے ہیں۔ وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے اپنے پیغام میں کہا کہ 5 فروری بھارتی ظلم و استبداد اور ہٹ دھرمی کے خلاف کشمیریوں کی لازوال جہدوجہد آزادی کی حمایت میں تجدید عہد کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی تسلط سے آزادی کی جدوجہد میں کشمیری تنہا نہیں، ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ وزیر اقلیتی امور گیان چند ایسرانی نے کہا کہ پاکستان کی اقلیتی برادری کشمیریوں کے حق خودارادیت کی مکمل حمایت کرتی ہے اور ان کے ساتھ کھڑی ہے۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں