اے وی سی سی، مال خانہ سے 45 لاکھ غائب ہونے کا انکشاف

اے وی سی سی، مال خانہ سے 45 لاکھ غائب ہونے کا انکشاف

کراچی (اسٹاف رپورٹر) اینٹی وائیلنٹ کرائم سیل کے مال خانے سے 45 لاکھ روپے کی رقم غائب ہونے کا انکشاف ہوا، تاہم کچھ گھنٹوں بعد پولیس کی جانب سے کہا گیا کہ رقم مل گئی ہے۔

 پولیس نے 45 لاکھ روپے دعا منگی اغوا کیس میں برآمد کیے تھے، رقم تاوان کی مد میں ملزمان نے وصول کی تھی۔ ذرائع کے مطابق کیس پراپرٹی کورٹ لے جانے کے بعد واپس مال خانے میں نہیں لائی گئی۔ رقم غائب ہونے کے انکشاف کے بعد موجودہ اور سابقہ ہیڈ محررز کو حراست میں لے لیا گیا۔ سابق ہیڈ محرر فیاض کے مطابق پراپرٹی کی رقم کانسٹیبل فرحان عرف کالا لیکر کورٹ گیا تھا۔ ذرائع نے بتایا کہ پراپرٹی کی رقم لے کر جانے والا اہلکار 7 روز سے غائب ہے، اس کی تلاش میں مختلف مقامات پر چھاپے بھی مارے گئے ہیں۔ رقم غائب ہونے کے انکشاف کے بعد ڈی آئی جی سی آئی اے برہم ہو گئے اور ایس ایس پی اے وی سی سی کو رقم فی الفور برآمد کرنے کا حکم دے دیا۔ واقعہ میں ملوث ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف انکوائری کے بعد مقدمہ درج کیا جائے گا۔ رقم غائب ہونے کے انکشاف کے کچھ گھنٹوں بعد ہی اے وی سی سی کی جانب سے وضاحت جاری کی گئی اور بتایا گیا کہ اینٹی وائیلنٹ کرائم سیل کے مال خانے سے غائب ہونے والے 45 لاکھ روپے مل گئے ہیں۔ دعا منگی کیس سمیت 3 کیسز کی پراپرٹی مال خانے میں موجود تھی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں