اسٹیل ملز ملازمین کا تا دم مرگ دھرنے کا اعلان

اسٹیل ملز ملازمین کا تا دم مرگ دھرنے کا اعلان

کراچی (بزنس رپورٹر) پاکستان اسٹیل ملز کے ریٹائرڈ اور جبری برطرف کئے گئے ملازمین نے عید الفطر تک واجبات کی عدم ادائیگی پر گورنر ہاؤس پر تا دم مرگ احتجاجی دھرنے کا اعلان کیا ہے۔

پاکستان اسٹیل ملز کے ریٹائرڈ اور جبری برطرف ملازمین نے اپنے مطالبات کی منظوری کے لیے منگل کو اسٹیل ملز کے ہیڈ آفس، اسٹیل مینارہ المعروف ہتھوڑا چوک پر احتجاجی دھرنا دیا۔ یونٹی کے رہنماؤں نے حکومت کو خبردار کیا کہ ملازمین کے غصب شدہ حقوق فوری ادا کیے جائیں ، پنشن ریوائز اور اس کے واجبات ادا کیے جائیں، کم از کم پنشن 25000 کی جائے، گلشن حدید فیز تھری میں ترقیاتی کام کرایا جائے، گلشن حدید فیز فور ملازمین کو الاٹ کیا جائے، جبری برطرف ملازمین کو بحال کیا جائے اور اسٹیل ملز کی پیداوار بحال کی جائے۔ اس موقع پر ملازمین نے جنرل منیجر (فنانس) عارف شیخ کا پتلا بھی نذر آتش کیا۔ یونٹی کے سیکریٹری مرزا مقصود نے کہا کہ جب سرکاری ادارے ہی ملازمین کے قانونی حقوق غصب کرنے لگ جائیں تو نجی شعبے کے مزدور کس سے امید رکھیں گے، عید الفطر تک ریٹائرڈ ملازمین کے پراویڈنٹ فنڈز کا منافع ادا نہیں کیا گیا تو گورنرہاؤس پر تادم مرگ دھرنا دیا جائے گا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ملک گیر احتجاج کے لیے مزدور تنظیموں اور پنشنرز کو متحد کیا جائے گا۔ اس موقع پر راؤ ذوالفقار، عبدالوحید ، خالد خورشید، شیخ محمد ہاشم، مزدور رہنما محسن بھائی اور راشد حسین نے بھی خطاب کیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں