عباسی شہید اسپتال کے ڈاکٹرز کا ناقص سیکیورٹی پر احتجاج
کراچی (اسٹاف رپورٹر) عباسی شہید اسپتال کے ڈاکٹروں نے ناقص سیکیورٹی انتظامات پر کے ایم سی ہیڈ آفس کے سامنے احتجاج کیا، جس کے باعث ٹریفک جام ہوگیا اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
۔تفصیلات کے مطابق 19 مارچ کو رات تین بجے کے قریب عباسی شہید اسپتال میں نشے کی حالت میں شر پسند عناصر کا گروہ داخل ہوا، جس نے خواتین ڈاکٹروں کو دھمکایا اور ویڈیوز بنا کر ہراساں کیا ۔ اس واقعہ کے بعد اسپتال کے وارڈز میں کیمرے نہ ہونے کا حیرت انگیز انکشاف ہوا، اسپتال کے پیڈز آئی سی یو میں شعبے کے ڈاکٹروں نے اپنی مدد آپ کے تحت کیمرے لگائے ہیں۔ سی سی ٹی وی کیمرے موجود نہ ہونے سے سیکیورٹی خدشات لاحق ہوگئے ہیں۔ اسپتال میں آئے دن خواتین ڈاکٹروں کے ساتھ بدمزگی کے واقعات پیش آرہے ہیں۔ ان تمام واقعات کے خلاف عباسی شہید اسپتال کے ڈاکٹروں نے پہلے احتجاج کرتے ہوئے کے ایم سی بلڈنگ کے دروازے کو بلاک کردیا تھا، بعد میں ڈاکٹرز نے ایم اے جناح روڈ پر احتجاج شروع کردیا۔ جس کی وجہ سے ٹریفک جام ہوگیا، جس کے سبب ایمبولینسز سمیت دیگر گاڑیاں پھنس گئیں۔ شہریوں کی مشکلات کو دیکھتے ہوئے ڈاکٹرز نے ایم اے جناح روڈ پر احتجاج ختم کردیا۔ ڈاکٹرز ایک بار پھر کے ایم سی بلڈنگ کے مرکزی دروازے پر جمع ہوگئے۔ احتجاج ختم کرانے کے لئے کے ایم سی حکام نے ڈاکٹرز کے نمائندہ وفد سے مذاکرات کئے، جس کے نتیجے تک احتجاج موخر کردیا گیا۔