مردہ مرغیوں کے خریدار دکانداروں کا سراغ مل گیا، ملزمان سے رجسٹر برآمد

مردہ مرغیوں کے خریدار دکانداروں کا سراغ مل گیا، ملزمان سے رجسٹر برآمد

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی میں مردہ مرغیوں کی فروخت سے متعلق پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار تین ملزمان سے دو اہم رجسٹر ملے، جن میں کتنی مردہ مرغیاں کس دکاندار نے خریدیں، تحریر ہے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں مردہ مرغیوں کی فروخت سے متعلق پولیس کی تفتیش جاری ہے۔ پولیس نے عوامی کالونی میں ایک گھر پر چھاپہ مارا۔ چھاپے کے دوران مطلوب مبینہ ملزم کامران فرارہوگیا۔

 تفتیشی پولیس نے بتایا کہ فرار مبینہ ملزم پولٹری فارم کا مالک بھی ہے۔ مفرور ملزم کی ہدایت پر ہی گرفتار ملزمان مردہ مرغیاں سپلائی کرنے جارہے تھے۔ 24 اور 25 مئی کی درمیان شب گرفتار تین ملزمان سے دو اہم رجسٹر بھی ملے ہیں، جن میں مردہ مرغیاں خریدنے والوں کا ریکارڈ درج ہے، زیادہ تر مرغی کا گوشت فروخت کرنیوالوں کا پتا درج ہے اور کتنی مردہ مرغیاں کس دکاندار نے خریدیں، یہ بھی رجسٹر میں تحریر ہے۔ پولیس کے مطابق گرفتار تینوں ملزمان دو پک اپس میں سوار تھے، ایک پک اپ سے 750 مردہ مرغیاں ملی تھیں۔ ملزمان 155 مردہ مرغیاں دکان پر سپلائی کر چکے تھے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں