سیاسی و معاشی حالات سب کی توجہ کے متقاضی،گورنر

کراچی (اسٹاف رپورٹر) گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ کراچی معاشی حب کے ساتھ فن و ثقافت کا اہم مرکز بھی ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے زیر اہتمام صادقین ایوارڈز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔تقریب میں کئی ممالک کے قونصل جنرلز، ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سیف الرحمن،سینئر ڈائریکٹر کلچر اینڈ اسپورٹس سیف عباس سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔ گورنرسندھ نے مزید کہا کہ فائن آرٹس اور معیار ی تخلیق کے جوہر دکھانے والے فنکاروں کو آج ایک بہتر پلیٹ فارم دستیاب ہے، اس ضمن میں صادقین آرٹ گیلری کے قیام کے ساتھ ہی بلدیہ عظمیٰ کراچی نے قابل تحسین قدم اٹھاتے ہوئے صادقین ایوارڈز کا اجرا کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ سیاسی و معاشی حالات ہم سب کی توجہ کے متقاضی ہیں، پوری قوم 9 مئی کے واقعات پر افسردہ ہے ،شرپسندوں نے 9 مئی کو قومی یکجہتی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی تاہم مسلح افواج نے تحمل ، صبر اور برداشت سے دشمن کی سازش کامیاب نہیں ہونے دی۔علاوہ ازیں گورنرسندھ سے ڈائریکٹر جنرل نادرا احمرین حسین نے گورنرہاؤس میں ملاقات کی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر سید گوہر عباس جعفری بھی موجود تھے ۔ ملاقات میں شناختی کارڈ کے جدید کمپیوٹرائزڈ نظام، عوامی مشکلات کے ضمن میں اٹھائے گئے اقدامات ،کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ کے جلد از جلد اجرا سمیت دیگر امور پر بات چیت ہوئی۔ گورنرسندھ نے کہا کہ عوام کی فلاح و بہبود کے ساتھ ساتھ انہیں درپیش مشکلات کا خاتمہ اولین ترجیح ہے۔