ایف بی آر کا کریک ڈائون:کروڑوں روپے کے اسمگل سگریٹس ضبط

ایف  بی  آر  کا  کریک  ڈائون:کروڑوں  روپے  کے  اسمگل  سگریٹس  ضبط

کراچی (اسٹاف رپورٹر) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کا اسمگل شدہ سگریٹس فروخت اور ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن، کروڑوں روپے مالیت کے اسمگل شدہ سگریٹس ضبط کرلئے گئے۔۔۔

کوئی گرفتاری عمل میں نہ آسکی، رواں برس سگریٹس کی قیمتوں میں اضافے کے بعد فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی میں کمی، جبکہ اسمگل شدہ سگریٹس کی فروخت میں اضافہ ہوا ہے، ٹیکس چوری سے قومی خزانے کو سالانہ بھاری نقصان کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے چیئرمین کی ہدایت پر پاکستان کسٹمز کی ٹیموں نے مختلف کارروائیوں میں غیر ملکی برانڈز کے اسمگل شدہ سگریٹس کی بڑی کھیپ پکڑی ہے۔ ایف بی آر حکام کا کہنا ہے کہ شہر کے مختلف علاقوں میں غیر ملکی سگریٹس کو ذخیرہ کرنے کیلئے مختلف مکانوں، دکانوں کو گوداموں میں تبدیل کردیا گیا ہے، مارکیٹ میں سگریٹس کی ترسیل کے لئے چھوٹی و لگژری گاڑیوں کا استعمال کیا جاتا ہے۔ ایف بی آر حکام کے مطابق فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں کمی کے بعد گزشتہ دنوں کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا، جس کے بعد کسٹم کی ٹیموں نے کئی گوداموں اور دکانوں پر چھاپوں میں غیر قانونی فروخت ہونے والے سگریٹس ضبط کئے ہیں، ان سگریٹس میں غیر ملکی برانڈز بھی شامل ہیں، جن کی مجموعی لاگت 33 کروڑ کے لگ بھگ ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان میں جہاں تمام اشیائے ضروریہ مہنگی ہوئی ہیں وہاں سگریٹ کی قیمتوں میں اس سال فروری سے 250 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

اس اضافے کی وجہ حکومت کی جانب سے اس سال فروری میں سگریٹ انڈسٹری پر 170 ارب روپے کے نئے ٹیکسوں کا نفاذ ہے۔ سگریٹ پر سیلز ٹیکس 16 فیصد سے بڑھا کر 17 فیصد کر دیا گیا ہے اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی 150 فیصد بڑھا دی گئی ہے، اس طرح سگریٹ کے وہ برانڈ جن کی قیمتیں پہلے 211 روپے تھیں وہ اب 525 روپے ہو چکی ہیں۔ حکومت کی جانب سے سگریٹ پر ٹیکسوں میں اضافے کے بظاہر دو واضح مقاصد ہیں، ایک تو یہ کہ محصولات میں اضافہ کیا جائے کیونکہ پاکستان کو آمدنی میں شدید کمی کا سامنا ہے اور دوسرا مقصد یہ بھی ہے کہ لوگوں کو سگریٹ پینے سے روکا جائے کیونکہ اس سے ان کی صحت شدید متاثر ہوتی ہے۔ وزارت صحت کے زیر اہتمام ایک قومی ادارہ پاکستان ٹوبیکو کنٹرول سینٹر کام کرتا ہے، جس کی ویب سائٹ کے مطابق دنیا بھر میں سگریٹ نوشی سے سالانہ 80 لاکھ افراد مر جاتے ہیں۔ جو لوگ تمباکو نوشی کرتے ہیں ان میں سے تقریباً آدھے افراد کو یہ شوق لے ڈوبتا ہے۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں