میونسپل کمیٹی ٹنڈوآدم میں کروڑوں روپے کا گھپلا

میونسپل کمیٹی ٹنڈوآدم میں کروڑوں روپے کا گھپلا

ٹنڈو آدم، میرپور خاص (نمائندہ دنیا، بیورو رپورٹ) میونسپل کمیٹی ٹنڈوآدم میں سات کروڑ روپے کی کرپشن کی شکایات کامحکمہ لوکل گورنمنٹ بورڈ کے ڈائریکٹر نے نوٹس لیتے ہوئے موجودہ ایڈمنسٹریٹر کو بینکس اکائونٹ، چیک بکس، گاڑیوں اور۔۔۔

 ان میں استعمال ہونے والے تیل و ترقیاتی کاموں کے ریکارڈ سمیت پانچ جون کو طلب کیا تھا، تفتیش کے دوران پانچ کروڑ بیس لاکھ روپے کی کرپشن ثابت ہونے پر سابق ایڈمنسٹریٹر غلام رسول راجپوت اورچیف میونسپل آفیسر باقر حسین بروہی کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا گیا جس کا محکمہ بلدیات سندھ لوکل گورنمنٹ بورڈ کے ڈائریکٹر منصور نواز کی جانب سے گزشتہ روز باقاعدہ لیٹر جاری کیا گیا ہے ۔ اس سلسلے میں حال ہی میں تعینات ایڈمنسٹریٹر رمیز تھیم نے بتایا کہ دونوں افسران کے خلاف ایف آئی آر درج کرانے کا حکم ملا ہے تاہم افسران بالا سے مشاورت کے بعد کارروائی عمل میں لائی جا ئیگی۔ میرپورخاص سے نمائندے کے مطابق میرپورخاص کے گاما اسٹیڈیم میں موجود شہر کے اکلوتے بیڈمنٹن ہال کو تعمیر نو کی غرض سے زمین بوس کرنے کے بعد انتظامیہ آباد کرنا بھول گئی ۔ذرائع کے مطابق انتظامیہ نے بیڈمنٹن کی نئی بلڈنگ بنانے کے لئے کروڑوں روپے کا بجٹ مختص کروا کر کام شروع ہونے سے پہلے ہی پورے پیسے نکال لیے اس کے باوجودکام وقت پر شروع نہ کیا جاسکا جوعیدالفطر سے مکمل طور پر بند ہے ۔ ٹھیکیدار کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ پیسے نہیں مل رہے اس لئے کام کو روک دیا گیا ۔ بتایا جا رہا ہے کہ سابق کمشنر کی زیر نگرانی یہ کام ہو رہا تھا ۔بیڈمنٹن کے کھلاڑیوں نے موجودہ کمشنر شفیق میسر سے گاما اسٹیڈیم کے بیڈمنٹن ہال کی تعمیر کا کام جلد شروع کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں