ٹرپل اے ایسوسی ایٹس اور آئی بی اے میںاسکالرشپ سے متعلق معاہدہ
کراچی (اسٹاف رپورٹر) ٹرپل اے ایسوسی ایٹس اور تعلیمی ادارے انسٹیٹیو ٹ آف بزنس ایڈ منسٹریشن (آئی بی اے) نے اسکالر شپ انڈومنٹ فنڈ قائم کر دیا۔ انڈومنٹ فنڈ قائم کرنے کا مقصد مستحق طلبا کی مالی امداد کر نا ہے۔۔
جو طلبا کو تعلیمی میدان میں آگے بڑھنے کا موقع فراہم کرے گا۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر آئی بی اے ڈاکٹر ایس اکبر زیدی اور منیجنگ ڈائریکٹر ٹرپل اے ایسوسی ایٹس شہزاد علی کیانی نے انسٹیٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن میں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے۔ تقریب میں جنرل منیجر ٹرپل اے ایسوسی ایٹس واجد ریاض، ڈائریکٹر فنانس آئی بی اے معید سلطان و دیگر نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایم ڈی ٹرپل اے ایسوسی ایٹس شہزاد کیانی نے کہا کہ تعلیم میں سرمایہ کاری کرکے ملک کے مستقبل کو روشن کرنے کے لئے ٹرپل اے ایسوسی ایٹس اپنے عزم کو دہرا رہا ہے۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر آئی بی اے ڈاکٹر ایس اکبر زیدی نے کہا کہ ٹرپل اے ایسوسی ایٹس کے ساتھ مل کر مستحق طلبا کو تعلیمی مواقع فراہم کرنے پر فخر ہے، آئی بی اے ہر سال پہلے ہی 30 فیصد مستحق طلبا کو مدد فراہم کر رہا ہے۔