عباسی شہید اسپتال ، متاثرہ ہائوس آفیسرز کا مرتضیٰ وہاب کا گھیرائو احتجاج

عباسی  شہید  اسپتال  ،  متاثرہ  ہائوس  آفیسرز  کا مرتضیٰ وہاب کا  گھیرائو  احتجاج

کراچی (اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے عباسی شہید اسپتال میں گائنی وارڈ کی تزین و آرائش کے کام کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ بینک کے اشتراک سے گائنی وارڈز کی اپ گریڈیشن 31 دسمبر سے پہلے مکمل کرلی جائے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے عباسی شہید اسپتال میں گائنی وارڈ کی تزئین وآرائش کا سنگ بنیاد رکھنے کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی میئر سلمان عبداللہ مراد سمیت پیپلز پارٹی کے دیگر عہدیداران بھی موجود تھے ۔ میئر مرتضیٰ وہاب عباسی شہید اسپتال میں گائنی وارڈ کی تزئین و آرائش کے کام کا سنگ بنیاد رکھنے کے لئے اسپتال پہنچے تو متاثرہ ہاؤس آفیسرز نے ان کو گھیر لیا اور شدید نعرے بازی کے ذریعے بھرپور احتجاج کیا۔ اسپتال ’’ایک صوبہ دو نظام، نامنظور نامنظور‘‘کے نعروں سے گونج اٹھا۔ میئر مرتضیٰ وہاب نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ عباسی شہید اسپتال سے متعلق حقیقت پر مبنی مگر منفی باتیں مشہور ہیں، اس اسپتال کے خلاف منفی خبریں دیکھتے ہیں، جس میں نمایاں کیا جاتا ہے کہ اسپتال میں طبی سہولتیں ناپید ہیں، ورلڈ بینک کے اشتراک سے بہت سے منصوبوں پر کام کررہے ہیں، عباسی شہید کے وارڈز کی حالت بہتر کی جائے گی، لیبر روم کے تینوں وارڈز کو بہتر بنایا جائے گا، منفی سیاست کرنے والوں نے ہمیں عباسی شہید اسپتال میں کام کرنے سے روکا، میئر شپ میں ہم نے اختیارات کا رونا نہیں رونا، گائنی وارڈ کی تزئین و آرائش کو 31 دسمبر سے پہلے مکمل کرلیا جائے گا، نوجوان ڈاکٹروں کو گمراہ کر کے ان سے احتجاج کرائے جارہے ہیں، یہ ڈاکٹرز میرے اور آپ کے بچے ہیں، ڈاکٹروں کا کام نعرے بازی یا دھرنا دینا نہیں ہے، میں سیاسی آدمی ہوں مجھے نعروں سے فرق نہیں پڑتا، ان دھرنوں کے باوجود ان بچوں کو ان کا بنیادی حق یعنی تنخواہوں کا چیک ملے گا، مگر آئندہ اسپتال میں احتجاج کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی، احتجاج کرنا ہے تو اسپتال سے باہر سڑک پر کریں، شکوہ کرنا ہے تو میرے پاس کے ایم سی بلڈنگ کے بالمقابل دھرنا دیں، میں مجبوری کے تحت کسی سے کام نہیں کرانا چاہتا ہوں، اگر ان کو سیاست کرنی ہے تو اسپتال سے باہر کریں، اگر یہ عباسی شہید اسپتال میں نوکری نہیں کرنا چاہتے تو نجی ادارے میں کام کریں۔ ادھر میئر مرتضیٰ وہاب نے کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کے صدر سید ارشاد حسین بخاری کی سربراہی میں ٹرانسپورٹرز اور یوسی چیئرمینز کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ  ٹرانسپورٹرز کے ساتھ رابطوں کو بہتر بنایا جائے گا اور ان کے تمام مسائل حل کیے جائیں گے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں