قوانین میں ترامیم سے جیل کو اصلاحی جگہ بناسکتے ،ڈپٹی میئر
کراچی(اسٹاف رپورٹر)ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے جیل قوانین میں نمایاں ترامیم سے جیل کو ایک اصلاحی جگہ بنایا جاسکتا ہے ، ان اقدامات سے قیدیوں کو معاشرے کا اچھا اور ذمہ دار انسان بنانے کی کوشش قابل ستائش ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے آرٹس کونسل میں قیدیوں کے بنائے ہوئے فن پاروں کی پیر کو منعقدہ نمائش کے دورے پر کیا۔ ڈی آئی جی جیل خانہ جات حسن سہتو، پی پی پی پارلیمانی لیڈر گڈاپ ٹاؤن میر عباس تالپور ودیگر بھی موجودتھے ۔سلمان عبداللہ نے کہا کہ اس طرح کے اقدامات سے قیدیوں کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے ،ان فن پاروں کی نمائش سے قیدیوں کے اہل خانہ کی معاشی مشکلات کو حل کرنا انقلابی قدم ہے ۔اس موقع پر ڈپٹی میئر نے فن پاروں کو سراہا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کے کارکنان عوام کو سہولتیں پہنچانے میں مصروف ہیں،کراچی میں ترقی کا جو سفر شروع ہوا ہے اسے جاری رکھیں گے ۔ علاوہ ازیں ڈپٹی میئر نے سفاری پارک حادثے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ ایسی غفلت ہرگز برداشت نہیں کرینگے ۔واقعے کی تحقیقات کرکے رپورٹ جلد پیش کی جائے ، واقعے میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ واضح رہے کہ ڈپٹی میئرکوشکایت موصول ہوئی تھی کہ سفاری پارک کی گاڑی کے حادثے میں کئی بچے زخمی ہوئے تھے ۔