شارٹ ٹرم کڈنیپنگ میں ملوث 2 پولیس اہلکار گرفتار
کراچی(اسٹاف رپورٹر )اسٹیل ٹاؤن پولیس نے بروقت کارروائی کرکے شارٹ ٹرم کڈنیپنگ میں ملوث 2 پولیس اہلکاروں سمیت تین ملزمان گرفتار کرلیا۔گرفتار ملزمان نے گلشن حدید کے ایک شہری کو اغوا کرکے 19 لاکھ روپے تاوان وصول کیا۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل ہائی وے سے دو دن قبل اسلحے کے زور پر گلشن حدید کے ایک شہری تاجر مرزا احتشام بیگ کو اغوا کر کے اس کی گاڑی چھوڑ کر فرار ہونے والے دوپولیس اہلکارں اور ان کے مخبر کو اسٹیل ٹاؤن پولیس نے گرفتار کر لیا ہے ۔ ایس ایچ او اسٹیل ٹائون انسپکٹر سالم رند نے ملزمان کو گرفتار کیا۔ ایس ایس پی ملیر طارق الٰہی مستوئی اور ایس ایچ او اسٹیل ٹاؤن انسپکٹر سالم رند نے صحافیوں کوبتایا کہ ملزمان نے مغوی کے اہلخانہ کو کہا کہ انکا تعلق خفیہ ایجنسی سے ہے ،اہلخانہ سے 29 لاکھ تاوان طلب کیااور اہلخانہ کو ملیر کینٹ کے قریب بلوا کر 19 لاکھ روپے وصول کئے اور مغوی کو رہا کیا۔انہوں نے بتایا کہ گرفتار ملزمان میں دو پولیس اہلکار ہیں ایک پرائیویٹ شخص ہے ،گرفتار ملزم رفیق گارڈن ہیڈ کوارٹر جبکہ گرفتار دوسرا ملزم یونس کالا کوٹ تھانے میں تعینات ہے ۔ تیسرا ملزم مصطفی انکا مخبر ہے ، ہیڈ کانسٹیبل سرفراز جو تھانہ گڈاپ میں تعینات ہے اوراس کے دو ساتھیوں شاہجہان اور شیراز کی تلاش جاری ہے ، ملزمان کے قبضہ سے ایک کار، اسلحہ اور نقد رقم برآمد کر لی گئی۔