صنعتکاروں کو مزدوروں کی تنخواہیں آن لائن کرنے کی ہدایت

صنعتکاروں کو مزدوروں کی تنخواہیں آن لائن کرنے کی ہدایت

کراچی (این این آئی)نگراں سندھ حکومت نے صنعتکاروں کو مزدوروں کی تنخواہیں قانون کے تحت آن لائن کرنے کی ہدایت کردی۔اس سلسلے میں وزیر قانون و انسانی حقوق عمر سومرو کی صدارت میں صوبائی اسٹیئرنگ کمیٹی برائے بزنس اینڈ ہیومن رائٹس کا 28 محکموں اور صنعتکاروں کے ساتھ اجلاس ہوا۔۔

جس میں سیکریٹری انسانی حقوق سندھ تحسین فاطمہ، چیئرمین سندھ ہیومن رائٹس کمیشن اقبال احمد ، سیکریٹری محنت شارق احمد اور دیگر محکموں کے سیکریٹریز و افسران شریک ہوئے ۔ اجلاس میں تمام متعلقہ محکموں نے صوبائی وزیر کو جی ایس پی پلس کے اہم ضوابط پر ہونے والی پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ دی۔عمر سومرو نے کہا کہ مزدوروں کے حقوق، ماحولیات کے تحفظ اور گورننس پر عمل در آمد نہ ہونے کی صورت میں جی ایس پی پلس کا اسٹیٹس واپس بھی لیا جا سکتا ہے ، جبری یا رضا کارانہ مشقت، چائلڈ لیبر، کام کی جگہ پر جنس رنگ و نسل عقیدے کی بنیاد پر امتیازی طرز عمل کو ختم کرنا ہوگا۔ جی ایس پی پلس چلا گیا تو کشکول اٹھاکر گھومنا پڑے گا۔وزیر انسانی حقوق نے محکمہ محنت اور صنعت کو ہدایت کی کہ صنعتوں اور کارخانوں میں کام کرنے والے مزدوروں کی تنخواہیں قانون کے تحت آن لائن کروائی جائیں تاکہ پتہ چلے کہ حکومت کی مقرر کردہ اجرت ان کو مل رہی ہے یا نہیں۔ عمل نہ کرنے والوں کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کی جائے ۔ اجلاس میں سیکریٹری صنعت رشید احمد سولنگی کا کہنا تھا کہ سندھ میں پہلے ہی قانون بنا ہوا ہے کہ صنعتکار، صنعتوں میں کام کرنے والے مزدوروں کی تنخواہیں بینک کے تھرو کرنے کے پابند ہیں،بہت سے صنعتکار اس پر عمل نہیں کررہے ۔ 

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں