سیاست میں کوئی چیز حرف آخر نہیں ،میئر کراچی
کراچی (این این آئی)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ سیاست میں کوئی چیز حرف آخر نہیں ،سندھ کا آئندہ وزیراعلیٰ زبردست جیالا ہوگا۔
سندھ میں حکومت بنانے جارہے ہیں، وفاق میں بھی بلاول بھٹو کے پاس وزارت عظمیٰ آتی ہے تو ملک اور شہر کی خدمت کا خواب پورا ہوگا، مینڈیٹ کی بات پر فاروق ستار میرا منہ نہ کھلوائیں انہیں بلدیات کے لئے نہیں قومی و صوبائی اسمبلی کی سیٹوں پر کامیابی ملی ہے ، پیپلزپارٹی کا ایک ایک کارکن عوام سے کئے گئے اپنے وعدہ کی تکمیل کرے گا،صوبے میں پیپلزپارٹی کی حکومت قائم ہوتے ہی شہر میں بڑے پیمانے پر ترقیاتی کام شروع کئے جائیں گے ۔یہ بات انہوں نے منگل کو63 کروڑ روپے کی لاگت سے عیسیٰ نگری میں فراہمی و نکاسی آب کے نظام کی بحالی کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔میئر کراچی نے مزید کہا کہ وفاق کی طرف سے صوبہ سندھ اور کراچی کو بجٹ دینے میں نظر انداز کیا جاتا ہے ، عباسی شہید اسپتال ایک ٹیسٹ کیس ہے ، شہر میں ایک مافیا ہے جو نہیں چاہتی کہ سرکاری اسپتال چلیں۔انہوں نے کہاکہ حافظ نعیم الرحمان کی سوچ کیا ہے سمجھ نہیں آتی، پہلے نوٹیفکیشن ہوگا پھر حلف لیں گے پھر استعفیٰ دیا جاتا ہے ، حافظ صاحب میرے دفتر آئیں تو قانونی طریقے پر بات کرنا چاہوں گا۔