پریس کلب کی گرانٹ بڑھا کر 10 کروڑ کرنے کی ہدایت

 پریس کلب کی گرانٹ بڑھا کر 10 کروڑ کرنے کی ہدایت

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کراچی پریس کلب کی گرانٹ 5 کروڑ روپے سے بڑھا کر 10 کروڑ روپے کرنے کی ہدایت کردی ہے ۔

پریس کلب کے ممبران کے پلاٹس اور دیگر مسائل حل کریں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی پریس کلب کے صدر سعید سربازی اور نائب صدر رشید میمن سے ملاقات میں کیا ۔پریس کلب کے وفد نے صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن کو دوبارہ محکمہ اطلاعات کی وزارت ملنے پر مبارکباد دی اور پریس کلب کے مسائل سے آگاہ کیا اور کراچی پریس کلب کی گرانٹ بڑھانے کی درخواست کی۔شرجیل انعام میمن نے ڈی جی انفارمیشن سلیم خان کو گرانٹ بڑھا کر 10 کروڑ روپے کرنے کی سمری تیار کرکے بھیجنے کی ہدایت کی۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ صحافیوں کے مسائل حل کئے جائیں گے ، محکمہ اطلاعات صحافیوں سے ہر وقت رابطے میں ہے ۔ کراچی پریس کلب کے ممبران کے پلاٹس کے مسائل اور دیگر مسائل حل کئے جائیں گے ۔دریں اثنا کراچی پریس کلب کے صدر سعید سربازی اور نائب صدر رشید میمن نے سیکرٹری اطلاعات ندیم میمن سے بھی ملاقات کی اور ان کو میڈیا ملازمین کو تنخواہیں دیر سے ملنے کی شکایت کی۔سیکرٹری اطلاعات نے کہاکہ میڈیا اداروں کو اشتہارات کے پیسے دیئے گئے ہیں اور انہیں پابند کیا گیا ہے کہ ملازمین کو وقت پر تنخواہیں دی جائیں۔ 

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں