میرپور خاص:پنجاب سے اغواء ہونیوالی دو لڑکیاں بازیاب

میرپور خاص:پنجاب سے اغواء ہونیوالی دو لڑکیاں بازیاب

میرپورخاص (بیورو رپورٹ) انسانی اسمگلنگ میں ملوث بین الصوبائی گروہ بے نقاب،سی آئی اے پولیس نے پنجاب سے اغواء کرکے بیچنے کے ارداے سے لائی گئیں دو مظلوم لڑکیاں بازیاب کرالیں۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب اور سندھ سے تعلق رکھنے والے انسانی اسمگلنگ میں ملوث منظم سرگرم گروہ کے 4 کارندوں کو گرفتار کرکے پنجاب سے اغوا کر کے بیچنے کے لیے لائی گئی مغوی لڑکیوں کو بازیاب کرالیا گیا ۔

 ہیومن ٹریفکنگ میں ملوث گروہ کے قبضے سے بازیاب لڑکیوں کے نام طاہرہ ولد کرم حسین اور کلثوم ولد ملک رضا علی اعوان معلوم ہوئے ہیں۔انچارج سی آئی اے عنایت علی زرداری کی سربراہی میں بنائی گئی ٹیم نے لڑکیوں کو بازیاب کر ایا،ٹیم میں ایس ایچ او ویمن پولیس اسٹیشن مومل لغاری بھی شامل تھیں ،لڑکیوں کو بیچنے کے لیے کہیں اور منتقل کیا جا رہا تھا ۔متاثرہ لڑکیوں کے بیان اور نشاندہی پر ویمن پولیس اسٹیشن پر سرکار کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیاگیاجس میں ایک عورت بھی نامزدہے جب کہ دیگر ملزموں میں نیاز محمد اکبر ،قربان علی ، محمد شہباز ، مسماۃ زبیدہ شامل ہیں۔ ایس ایس پی چوہدری اسد نے بتایا کہ اس گروہ کے دوسرے ملزمان جو پنجاب میں درگاہوں، بس اسٹاپ، اسٹیشن پر تنہا عورتوں کو نشانہ بناتے ہیں اور بیچنے کی غرض سے مختلف لالچ یا ورغلا کر سندھ میں موجود اپنے دیگر ساتھیوں کو پیسوں کے عوض بیچ دیتے ہیں۔ دوسری جانب میرپور خاص پولیس کی بڑی کامیابی کے دوران کراچی سے لاپتا ہونے والے دو بچے بھی بازیاب کرا لیے گئے ۔ اطلاعات کے مطابق بچے 2 ماہ قبل لاپتا ہوئے تھے اور سندھ ہائیکورٹ سرکٹ بینچ نے ان کو بازیاب کرنے کا حکم دیاتھا جس پر تشکیل دی گئی پولیس ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے دونوں بچوں طیب علی عمر 2 ماہ اور احسان علی عمر 2 سال کو عمر کوٹ بائی پاس سے بازیاب کروا لیا اور مغویوں کو والدہ کے حوالے کردیا گیا۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں