معاشرے میں تربیت کا بہت بڑافقدان ،ڈاکٹر نعمان احسن

معاشرے میں تربیت کا بہت بڑافقدان ،ڈاکٹر نعمان احسن

کراچی ( آن لائن)سندھ ایچ ای سی کے ڈائریکٹر جنرل چارٹرانسپکشن اینڈ ایویلیوایشن کمیٹی ڈاکٹر نعمان احسن نے کہا ہے کہ ایک پڑھی لکھی ماں ایک پڑھے لکھے گھرانے کی ضمانت ہوتی ہے ،کیونکہ ایک باعلم و با شعور ماں ہی اپنے بچوں کی تعلیم وتربیت احسن طریقے سے کر سکتی ہے ۔

بچوں کی شخصیت کو سنوارنے یا بگاڑنے میں گھر کے ماحول اور فریقین کا سب سے بڑا عمل دخل ہوتاہے لیکن ہمارے معاشرے میں تربیت کا بہت بڑافقدان ہے جس کے اثرات آپ سب کے سامنے ہے ۔ہماراالمیہ یہ ہے کہ ہم بیرون ممالک میں ان کے قوانین پر عملدرآمد اور قطارمیں کھڑے رہنے کو تیارہوتے ہیں لیکن اپنے ملک میں قوانین پر عملدرآمد اور قطارمیں کھڑے ہونے کے بچائے غلط طریقوں سے اپنے کام سرانجام دینا پسند کرتے ہیں جو لمحہ فکریہ ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینٹرآف ایکسلینس فارویمنز اسٹڈیز جامعہ کراچی کے زیر اہتمام اورسندھ ایچ ای سی، کے اشتراک سے کراچی یونیورسٹی بزنس اسکول کی سماعت گاہ میں منعقدہ سیمینار بعنوان’’دختران پاکستان:صنفی مساوات کا فروغ، معاشی طور پر بااختیاربنانااور امن کی تعمیر وادراک کا انتظام‘‘کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر خالد محمودعراقی نے کہا کہ صنفی مساوات کے فروغ اور خواتین کو بااختیار بنائے بغیر کوئی ملک ترقی نہیں کرسکتا۔تعلیم پرخرچ کی جانے والی رقم اخراجات نہیں بلکہ سرمایہ کاری ہے ،ہمارے مستقبل کا انحصار اس نظامِ تعلیم پر ہوگا جو ہم وضع کریں گے۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں