ایرانی صدر کی آمد پر بہترین اقدامات پر پولیس کو شاباش

 ایرانی صدر کی آمد پر بہترین اقدامات پر پولیس کو شاباش

کراچی (اسٹاف رپورٹر)آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے ایرانی صدر کی صوبے میں آمد کے موقع پر تفویض کردہ اہم ترین سکیورٹی،ٹریفک اقدامات جیسی ذمہ داریوں کو بہترین،عمدہ اور فول پروف اسٹرٹیجی کے تحت سرانجام دینے پر سندھ پولیس کے افسران اور جوانوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے شاباش دی ہے ۔

بدھ کو جاری اعلامیہ کے مطابق انہوں نے اس حوالے سے سندھ پولیس کے دیگر تمام یونٹس بالخصوص اسپیشل برانچ، سی ٹی ڈی سمیت سی آئی اے وغیرہ کی جانب سے اختیار کردہ سکیورٹی لائحہ عمل پر بھی انہیں سراہا اور تعریف کی ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ انتہائی اہم سرکاری مہمان کی آمد پر فول پروف سکیورٹی کے ناگزیر اقدامات کا سندھ پولیس کو بخوبی ادراک ہے اور اس ضمن شہریوں کا مکمل تعاون اور سپورٹ کے بھی ہم بحیثیت مجموعی شکر گزار ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ عوام کے تحفظ اور مختلف ایونٹس پر مجموعی سکیورٹی اقدامات سمیت امن وامان کے حالات کو مکمل کنٹرول میں رکھنا پولیس کے فرائض منصبی میں انتہائی اہمیت کے حامل ہیں مجھے قوی امید ہے کہ پولیس تفویض کردہ فرائض کو انتہائی لگن,پیشہ وارانہ مہارت اور تجربوں کی بنیاد پر مزید مربوط اور موثر بنانے میں اپنے انفرادی اور اجتماعی کردار کو بطریق احسن انجام دیتی رہے گی۔ انہوں نے ایرانی صدر کی آمد اور اس مناسبت سے سکیورٹی اقدامات میں رینجرز سندھ اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے جملہ امور کی بھی تعریف کی اور سراہا ہے ۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں