ایم ڈی اے کی ٹیم پر قبضہ مافیا کا حملہ،2افسران شدید زخمی

ایم ڈی اے کی ٹیم پر قبضہ مافیا کا حملہ،2افسران شدید زخمی

کراچی (اسٹاف رپورٹر)نیشنل ہائی وے کے اطراف ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی اربوں روپے مالیت کی اراضی قبضہ مافیا سے خالی کروانے کیلئے ضلعی انتظامیہ اور ایم ڈی اے نے پولیس کی بھاری نفری کے ساتھ گرینڈ آپریشن کیا ۔

 آپریشن کے دوران مافیا کے کارندوں کے حملے کے نتیجے میں ایم ڈی اے کے دو افسران شدید زخمی بھی ہوئے ۔ ڈپٹی کمشنر ملیر عرفان سلام میروانی کا کہنا ہے کہ 12ایکڑ سرکاری زمین قبضہ مافیا سے واگزار کروالی گئی ہے ۔تفصیلات کے مطابق نیشنل ہائی وے کے اطراف ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے سیکٹر 18میں سیلاب متاثرین کیلئے قائم کی گئی ٹینٹ سٹی والی اراضی پر طاقتور مافیا نے قبضے کرکے غیر قانونی پلاٹنگ شروع کردی تھی حکام کے مطابق قیمتی سرکاری اراضی کو خالی کروانے کیلئے ڈپٹی کمشنر ملیر عرفان سلام میروانی نے گرینڈ آپریشن پلان کیا جس کے تحت جمعرات کو ضلعی انتظامیہ ملیر ، ایم ڈی اے کے محکمہ انسداد تجاوزات ، نے ہیوی مشینری کے ساتھ بڑا آپریشن کیا گیا۔ آپریشن میں ضلع ملیر کے تمام تھانیدار اور 100سے زائد پولیس اہلکاروں نے حصہ لیا ۔حکام کے مطابق آپریشن کے آغاز پر قبضہ مافیا کے کارندوں نے احتجاج کیا اور مزاحمت کی کوشش کی جس کو پولیس نے ناکام بنادیا ۔ڈپٹی کمشنر ملیر عرفان سلام میروانی کا کہنا ہے کہ قبضہ مافیا سے ایم ڈی اے کی 12ایکڑ زمین خالی کروالی گئی ہے ۔مافیا کے کارندوں نے سرکاری زمین پر سیلاب متاثرین کی آڑ میں قبضے کرلیے ۔ لینڈ گربیرز نے بڑے پیمانے پر غیر قانونی کچے مکانات تعمیر کیے جبکہ کچھ اراضی پر غیر قانونی پلاٹنگ بھی جاری تھی ۔دوسری جانب ایم ڈی اے حکام کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران اچانک پولیس کی واپسی ہوگئی تھی جس کے بعد لینڈ گربیرز نے آپریشن میں حصہ لینے والے ایم ڈی اے عملے پر حملہ کردیا پتھرائوں کے نتیجے میں پروجیکٹ ڈائریکٹر لئیق احمد اور ایکس ای این ایس ایم عارف شدید زخمی ہوگئے ، قبضہ مافیا کے خلاف مقدمات درج کروائیں گے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں