امارات کے ساتھ مستحکم تعلقات کے خواہاں ہیں،وزیرثقافت
کراچی(اسٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر سیاحت و ثقافت سید ذوالفقار علی شاہ نے متحدہ عرب امارات قونصلیٹ کا دورہ کیا اور قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیثی سے ملاقات کی۔
ملاقات میں دو طرفہ سیاحتی و ثقافتی سرگرمیوں کو فروغ دینے اور پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت سیاحت کے فروغ کیلئے منصوبوں پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر یو بینک کے سی ای او محمد عیسیٰ الطاہری بھی موجود تھے ۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے ثقافتی تعلقات میں حالیہ تبدیلیوں کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان امارات کے ساتھ ثقافتی و عوامی تعلقات کو مستحکم کرنے کا خواہاں ہے اور ثقافتی تعلقات کے استحکام کے لیے مشترکہ ثقافتی تقاریب کا انعقاد مفید ثابت ہوگا۔ سندھ میں سرمایہ کاری کیلئے وسیع مواقع اور سازگار ماحول موجود ہے ، ہینڈی گرافٹس کی برآمدات کو مزید بڑھانے سے دونوں ممالک مستفید ہونگے ۔ ۔ اماراتی قونصل جنرل نے کہا کہ متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے درمیان تعلقات کی مزید مضبوطی کیلئے سیاحت اور ثقافت پر مزید کام کرنے کی ضرورت ہے ۔ انھوں نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت سرمایہ کاری کیلئے مشترکہ کوشش کی جائے گی جبکہ سیاحوں کیلئے ویزا سمیت دیگر امور میں بھی آسانیاں پیدا کی جائیں گی اور مشترکہ تقافتی تقاریب بھی منعقد کی جائیں گی۔ مزید براں صوبائی وزیر اور قونصل جنرل نے الاین فٹ بال کلب کی ٹیم کے ہمراہ میچ میں کامیابی پر کیک بھی کاٹا۔