ٹھٹھہ :گرمی کی شدت سے کئی ٹرانسفارمر دھماکے سے پھٹ گئے

ٹھٹھہ :گرمی کی شدت سے کئی ٹرانسفارمر دھماکے سے پھٹ گئے

ٹھٹھہ (نمائندہ دنیا) ٹھٹھہ مکلی میں گرمی کی شدت سے کئی ٹرانسفارمر دھماکے سے پھٹ گئے ، وولٹیج بڑھ جانے سے گھروں میں موجود لاکھوں روپے مالیت کے فریج، پنکھوں سمیت دیگر اشیا جل کر تباہ ہو گئیں۔

حیسکو ہیڈ آفس کی جانب سے بوسیدہ تاروں اور ٹرانسفارمرز کی تبدیلی لئے کوئی انتظامات نہیں کئے گئے ۔ ضلع ٹھٹھہ آج کل شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے ، جس کی وجہ سے کئی ٹرانسفارمرز پھٹ گئے ہیں ،شدید گرمی میں بجلی نہ ہونے کی وجہ سے لوگ سخت مشکلات سے دو چار ہیں ، شوگر ، بلڈ پریشر اور دیگر بیماریوں میں مبتلا افراد بہت زیادہ پریشانی کا شکار ہیں۔ ٹرانسفارمرز پھٹ جانے کی وجہ سے پانی کی بھی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے اور لوگ پانی کی بوند بوند کو ترس گئے ہیں۔ مکلی ہیڈ کوارٹرز اور ٹھٹھہ میں کئی کئی سال پرانے ٹرانسفارمرز اور بجلی کے بوسیدہ تار لگے ہوئے ہیں جنہیں تبدیل نہیں کیا جا سکا ہے ۔ حیسکو ملازمین کی حفاظت کا بھی کوئی سامان نہیں ، جس کی وجہ سے کوئی بڑا حادثہ رونما ہوسکتا ہے ۔ ٹھٹھہ مکلی میں کئی ٹرانسفارمرز کی مرمت پرائیویٹ افراد سے عید سے دو تین روز قبل کرائی گئی تھی۔ ٹھٹھہ کے عوام نے سوشل میڈیا اور پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے ٹھٹھہ سے منتخب نمائندوں سے کئی بار نئے ٹرانسفارمرز اور تاروں کی تبدیلی کے لئے اپیل بھی کی تھی، جس پر منتخب نمائندوں نے حیسکو حکام سے ملاقات کی مگر ابھی تک کوئی شنوائی نہیں ہوئی ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں