عوام پانی و بجلی کے دہرے عذاب میں مبتلا ،منعم ظفر

عوام پانی و بجلی کے دہرے عذاب میں مبتلا ،منعم ظفر

کراچی (این این آئی)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے شدید گرمی اورہیٹ ویوز کے باوجود شہر میں پانی کے بحران اور بدترین لوڈشیڈنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے حکومت کی نا اہلی و ناکامی قرار دیا اور کہا کہپانی و بجلی بحران نے عوام کو دہرے عذاب میں مبتلا کردیا ہے ۔

 ہیٹ ویوز کی پیشگی اطلاعات کے باوجود حکومت نے اس سے بچاؤ اور شہریوں کے تحفظ کیلئے کوئی اقدامات نہیں کیے ، حکومت کی نااہلی و ناکامی اور بدترین لوڈشیڈنگ نے ہیٹ ویوز کو عوام کیلئے دہرا عذاب بنا دیا ہے ،صرف چند روز میں سینکڑوں افرادکی اموات انتہائی افسوسناک ہیں،ان میں سے زیادہ تر اموات ان علاقوں میں واقع ہوئی ہیں جہاں کے الیکٹرک نے طویل لوڈشیڈنگ جاری رکھی ہوئی ہے ۔اپنے بیان میں منعم ظفر خان نے کہا کہ جماعت اسلامی اہل کراچی کو تنہا نہیں چھوڑے گی ، عوام کے حق اور مسائل کے حل کیلئے آ ج(بدھ)کو شام 5بجے شاہراہ فیصل (بالمقابل واٹر بورڈ ہیڈ آفس) پر احتجاجی دھرنا دیا جائے گا اور آئندہ کا لائحہ عمل دیا جائے گا ۔منعم ظفر نے مزیدکہاکہ اس وقت شہریوں کیلئے پانی کی یومیہ ضرورت 1300ایم ڈی جی ہے لیکن کراچی میں یومیہ 650ملین گیلن پانی آرہا ہے جس میں کئی ملین گیلن پانی کی لائنیں درست نہ ہونے کے باعث ضائع ہوجاتا ہے ،اگلے 3سال تک بھی ممکن نہیں کہ شہریوں کو ان کی ڈیمانڈ کے مطابق پانی مہیاہوسکے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں