عوام کا بجٹ کراچی پر نہیں لگ رہا،سیف الدین

عوام کا بجٹ کراچی پر نہیں لگ رہا،سیف الدین

کراچی (اسٹاف رپورٹر)اپوزیشن لیڈر کے ایم سی سیف الدین ایڈووکیٹ نے کہاہے کہ پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت کراچی کے لیے ایک خطرہ بن چکی ہے اس کی بیڈ گورننس میں کراچی کے عوام کاحق ماراجارہاہے۔۔

سندھ حکومت میں بیٹھے یہ سب کھارہے ہیں اور وصولی عوام سے کی جارہی ہے ،اوپر سے نیچے تک میونسپل افسران اور ڈائریکٹرز بھاری رقوم دے کرتعیناتی کرواتے ہیں اور پھر نیچے سے کماکر اوپر تک مال پہنچاتے ہیں،کراچی کے عوام کا بجٹ کراچی پر نہیں لگ رہا،عوام روز بروز بنیادی ضروریات سے محروم ہوتے جارہے ہیں،پانی گھروں کے نلکوں میں دستیاب نہیں، ٹینکر مافیا کا راج ہے ،سیوریج سسٹم ناکارہ ہوچکا،کھلے مین ہول بچوں کیلئے موت کا کنواں ثابت ہورہے ہیں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے اپوزیشن آفس کے ایم سی بلڈنگ میں بلدیاتی رپورٹرز سے ملاقات کے دوران کیا۔اس موقع پر پارلیمانی لیڈر تحریک انصاف مبشر الحق،کوآرڈینیٹر سید جواد شعیب یوسی چئیرمینز نعمان الیاس، آفاق بیگ،ابرار احمد،طلحہ احمد خان، عمیر اکرم اور قاری منصور بھی موجود تھے ۔سیف الدین ایڈووکیٹ نے مزید کہاکہ کراچی کے عوام کے مینڈیٹ پر شب خون مارا گیا اور قبضہ میئر مسلط کردیاگیا۔ایک سال ہوگئے یوسی چئیرمینز بے اختیار بیٹھے ہیں اپوزیشن لیڈر کو ایک سال بعد کمرہ بیٹھنے کیلئے ملا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں