میئر کا ارشد ندیم کے اعزاز میں شہری استقبالیہ کا اعلان
کراچی (این این آئی)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے پیرس اولمپکس 2024ء میں جیولن تھرو کے مقابلے میں پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم کو طلائی تمغہ جیتنے پر مبارکباد دی ہے ۔۔
وطن واپسی پر کراچی کے شہریوں کی جانب سے ارشد ندیم کے اعزاز میں شہری استقبالیہ دینے کا اعلان کیا ہے ، انہوں نے کہا کہ ارشد ندیم نے اولمپک گولڈ میڈل جیت کر ملک وقوم کا سر فخر سے بلند کردیا، پوری پاکستانی قوم ان کی اس شاندار کامیابی پر خوش ہے ۔میئر کراچی کا کہنا تھا کہ ارشد ندیم پیرس اولمپکس میں پاکستان کو انفرادی مقابلوں میں گولڈ میڈل دلوانے والے پہلے ایتھلیٹ بن چکے ہیں جبکہ اب تک ان اولمپکس میں پاکستان کا واحد تمغہ بھی انہی کے حصے میں آیا ہے ، یہ امر بھی ہمارے لئے باعث فخر ہے کہ اولمپکس کے جیولن تھرو مقابلے کے فائنل میں پاکستان کا مقابلہ بھارت سے تھا جس کے مشہور کھلاڑی نیرج چوپڑانے گزشتہ اولمپکس میں گولڈ میڈل حاصل کیا تھا مگر اس مرتبہ وہ پاکستان کے ارشد ندیم کا مقابلہ نہ کرسکے ، پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل حاصل کرنے والے ممالک کی فہرست میں پاکستان کا نام آنا نیک شگون ہے ، یہ مجموعی طور پر اولمپکس گیمز کی تاریخ میں اب تک پاکستان کا 11واں میڈل ہے،امید ہے کہ پاکستانی کھلاڑی اور ایتھلیٹ مستقبل میں مزید ایسی شاندار کامیابیاں حاصل کریں گے ۔