سکھر :تیز بارش سے سڑکیں تباہ،شہریوں کو مشکلات کاسامنا

سکھر :تیز بارش سے سڑکیں تباہ،شہریوں کو مشکلات کاسامنا

سکھر (بیورو رپورٹ )سکھر کے منتخب نمائندوں، بالخصوص بلدیہ اعلی ٰسکھر اور محکمہ ریلوے کے افسران کی مجرمانہ غفلت اور ۔

مسلسل لاپروائی و عدم دلچسپی کے باعث باران رحمت زحمت بن گئی ۔ بارش کے باعث شہر میں تعمیر ہونے والی سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوگئی ہیں ۔گز شتہ تین روز سے سکھر میں جاری بارش نے سکھر ریلوے اسٹیشن کے عقب گڈانی پھاٹک روڈ تا انجن شیڈ کالونی اور نیو پنڈ سمیت مختلف علاقوں کو ملانے والی سڑک کو بھی تباہ کرکے رکھ دیا ہے۔ گندے پانی کا تالاب بھر جانے سے مختلف راستوں کو ملانے والی سڑک مکمل طور پر ڈوب چکی ہے۔ مکینوں کے مطابق شکایات کے باوجود انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کے کانوں پر جوں نہیں رینگ رہی ہے جس کے باعث مشکلات کاسامنا کرنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کامطالبہ کیا جب کہ دوسری جانب بارش کے بعد سکھر میں گیس پریشر میں کمی اور لوڈ شیڈنگ بھی جاری ہے ، جس کی وجہ سے معمولات زندگی و تجارتی سرگرمیاں متاثر ہورہی ہیں۔ جیلانی روڈ، قریشی گوٹھ، مائیکرو، ریلوے انجن شیڈ کالونی سمیت دیگر علاقوں میں گیس کی لوڈ شیڈنگ کے باعث شہریوں نے لکڑیوں اور کوئلے کااستعمال شروع کردیاہے کیوں کہ گیس کی بد ترین لوڈ شیڈنگ کی وجہ ایل پی جی گیس کی مانگ میں اضافہ ہونے کیساتھ ہی اس کے ریٹ میں بھی مصنوی اضافہ کردیا گیا ہے ۔شہر میں قائم ایل پی جی کی دکانوں پر صبح و شام عوام کا رش دکھائی دیتا ہے ۔سکھر میں گیس کی مصنوعی بندش، پریشر میں کمی پر شہری و سماجی حلقوں نے گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی وزیر پٹر ولیم و معدنی وسائل سمیت سوئی سدرن گیس کمپنی کے اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کامطالبہ کیاہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں