معمولی بارش سے سبزی منڈی میں کیچڑ، گندگی کے ڈھیر

معمولی بارش سے سبزی منڈی میں کیچڑ، گندگی کے ڈھیر

کراچی (آن لائن)کراچی میں معمولی بارش کے بعد سپر ہائی وے پر قائم سبزی منڈی میں صورتحال انتہائی ناگفتہ بہ ہوگئی ہے۔

 ،جگہ جگہ بارش کا پانی جمع ہوگیاجبکہ کیچڑ جمع ہونے سے خریداروں اور دکانداروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق شہر میں معمولی بارش کے بعد حسب روایت سبزی منڈی میں مارکیٹ کمیٹی کے انتظامات کے دعووں کی قلعی کھل گئی۔معمولی بارش نے سبزی منڈی میں تباہی مچادی اور پیشگی انتظامات نہ ہونے کے باعث جگہ جگہ بارش کا پانی کھڑا ہوگیا ہے اور جا بجا کیچڑ ہونے سے منڈی میں آنے جانے والی گاڑیوں کے ساتھ خریداروں اور دکانداروں کیلئے مشکلات کھڑی ہوگئی ہیں۔بارش کا پانی سوکھنے اور سیوریج کے پانی کے باعث منڈی میں تعفن پھیل رہا ہے او ر منڈی میں وبائی امراض پھوٹنے کا خدشہ ہے ۔ملیر فریش فروٹ اینڈ مرچنٹس ایسوسی ایشن کے صدر محمد جاوید نے کہا ہے کہ ذرا سی بارش نے سبزی منڈی کی شکل بدل کررکھ دی ہے ،بارش کی پیشگی اطلاع کے باوجود متعلقہ انتظامیہ کی جانب سے اقدامات نہ کئے جاسکے جس کا خمیازہ تاجروں کے ساتھ خریداروں کو بھی بھگتنا پڑ رہا ہے ۔ تاجروں نے تمام تر صورتحال کا ذمہ دار مارکیٹ کمیٹی کو قرار دیا اور صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ مارکیٹ کمیٹی کو فوری تحلیل کیا جائے اور تمام تر ریکارڈ ضبط کرکے منڈی کے اخراجات اور آمدن کا فرانزک آڈٹ کرایا جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں