مرکزی مسلم لیگ کے تحت دستکاری فیسٹیول کا انعقاد

مرکزی مسلم لیگ کے تحت دستکاری فیسٹیول کا انعقاد

کراچی(اسٹاف رپورٹر ) پاکستان مرکزی مسلم لیگ کراچی کے تحت کیماڑی ٹاؤن میں ایک روزہ ہنر مند خواتین و دستکاری فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا ۔

دستکاری فیسٹیول میں خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ اس موقع پر اسکول کی طالبات اور بچیوں نے بھی ہنر مند خواتین و دستکاری فیسٹیول کا دورہ کیا ۔ دستکاری فیسٹیول میں خواتین کے ہاتھ سے بنی اشیاء نمائش کے لیے رکھی گئی تھیں ۔ اس نمائش کا مقصد مستحق اور ضرورت مند خواتین کو خود کفیل بنانا تھا ۔ فیسٹیول میں خواتین کے ہاتھ سے بنی اشیاء ، ملبوسات ، حجاب اور خواتین کے استعمال کی دیگر اشیاء کے اسٹالز لگائے گئے ۔ جہاں انتہائی مناسب قیمت پر یہ اشیاء دستیاب تھیں ۔ دستکاری فیسٹیول میں آنے والی خواتین نے مرکزی مسلم لیگ کی اس کاوش کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ اس طرح کے فیسٹیول کا انعقاد کر کے خواتین کو اپنا ہنر دنیا کے سامنے پیش کرنے کے لیے پلیٹ فارم مہیا کیاجاتا رہے گا ۔ مرکزی مسلم لیگ کراچی کے صدر احمد ندیم اعوان نے دورہ کے موقع پر خواتین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی مسلم لیگ خواتین کو ہنر سکھانے اور انہیں خود کفیل بنانے کی جدوجہد کر رہی ہے ۔ہم چاہتے ہیں کہ لوگوں کو راشن دینے کے بجائے انہیں ان کے پیروں پر کھڑا کریں ۔ کیونکہ بے روزگاری اور غربت ڈپریشن کی بڑی وجہ ہے ۔ جب خواتین ہنرمند ہوں گی تو خاندان خوشحال ہوگا ۔ مرکزی مسلم لیگ خواتین کی جہاں زندگی کے دیگر شعبہ جات میں کام کر رہی ہے وہاں ان کے لیے مختلف علاقوں میں ہنر سکھانے کے سینٹرز بھی قائم کیے ہوئے ہیں ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں