تھانوں میں تجربہ کار تفتیشی افسران کی تعیناتی یقینی بنانے کی ہدایت

تھانوں میں تجربہ کار تفتیشی افسران کی تعیناتی یقینی بنانے کی ہدایت

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)کراچی پولیس چیف جاوید عالم اوڈھو نے پولیس افسران کو ہدایت کی ہے کہ جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف بنائی گئی مربوط اور۔

 ٹھوس حکمت عملی کا ازسرنو جائزہ لے کر ان عناصر کے گرد گھیرا تنگ کیا جائے اور ا نہیں قانون کی گرفت میں لایا جائے جب کہ تھانوں میں تجربہ کار تفتیشی افسران کی تعیناتی کو یقینی بنایا جائے ۔تفصیلات کے مطابق کراچی پولیس چیف جاوید عالم اوڈھو کی سربراہی میں ماتحت افسران کی کارکردگی کا جائزہ لینے سے متعلق اجلاس منعقد ہوا جس میں کرائم سے متعلق صورتحال اور ان کی روک تھام کے حوالے سے افسران سے تفصیلی معلومات حاصل کی گئیں۔اجلاس میں تینوں زونل ڈی آئی جیز ، ڈی آئی جی سی آئی اے ، اے ڈی آئی جی پی لیگل ، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن ، ڈسٹرکٹس ایس ایس پیز و انویسٹی گیشن سمیت دیگر پولیس افسران نے شرکت کی۔اس موقع پر کراچی پولیس چیف جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ انسداد اسٹریٹ کرائم اور قتل سمیت ڈکیتی و رہزنی، منشیات ، گاڑیوں کی چوری اور دیگر منظم جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف سخت اور کامیاب ایکشن کیلئے بنائی گئی مربوط اور ٹھوس حکمت عملی کا ازسرنو جائزہ لیتے ہوئے جرائم پیشہ عناصر کے گرد گھیرا تنگ کیا جائے اور انہیں قانون کی گرفت میں لایا جائے ۔کراچی پولیس چیف نے اہم مقدمات پر پیش رفت اور اشتہاری و مفرور ملزمان کی گرفتاریوں کا بھی تفصیلی جائزہ لیا جبکہ انہوں نے چہلم حضرت امام حسینؓ کے جلوس اور ربیع الاول کی سکیورٹی کو فول پروف بنانے اور عوام کی جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنانے کے بھی احکام جاری کیے ۔جاوید عالم اوڈھو نے اجلاس میں کہا کہ تھانوں میں تجربہ کار تفتیشی افسران کی تعیناتی کو یقینی بنایا جائے ، پولیس اسٹیبلشمنٹ کی سکیورٹی کے حوالے سے سخت اقدامات عمل میں لائے جائیں جبکہ تھانوں کی تزئین و آرائش اور تھانہ کلچر میں بہتری کے اقدامات کو یقینی بھی بنایا جائے ۔کراچی پولیس چیف نے اجلاس میں پولیس افسران کی کارکردگی کو سراہا اور مزید بہتری لانے کی ہدایات جاری کیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں