پولٹری فارمرز کی من مانیاں، مرغی کا گوشت200روپے کلو مہنگا،انتظامیہ خاموش

پولٹری فارمرز کی من مانیاں، مرغی کا گوشت200روپے کلو مہنگا،انتظامیہ خاموش

کراچی (بزنس رپورٹر )مرغی کے گوشت کی قیمت کا تنازعہ شدت اختیار کرگیا ، دو ہفتہ کے دوران فی کلو چکن کی قیمت دوسو روپے بڑھادی گئی ۔

انتظامی اقدامات نہ ہونے کے باعث شہری 750 روپے سے 800روپے فی کلو چکن خریدنے پر مجبور ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق شہر میں پولٹری فارمز ، ہول سیلرز اور ریٹیلرز کی جانب سے برائیلر مرغی اور چکن مہنگے داموں من مانی قیمت پر فروخت کی جارہی ہے ۔جبکہ کمشنر کراچی اور ضلعی انتظامیہ برائیلر مرغی اور چکن کی سرکاری قیمت پر عملدرآمد کرانے میں مکمل ناکام ہوگئے ۔ کراچی پولٹری ریٹیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین راؤ افضل کے مطابق شہر میں گزشتہ دو ہفتے کے دوران فی کلو چکن کی قیمت دو سو روپے کے نمایاں اضافے سے 750سے 800روپے تک پہنچ گئی ہے ۔ جس کی وجہ پولٹری فارمز کی جانب سے 400روپے سرکاری تھوک نرخ کے بجائے 488روپے اور سپلائرز کی جانب سے 500روپے قیمت میں زندہ مرغی سپلائی کی جارہی ہے ۔ ریٹیلرز کے مطابق 1.55 کلوگرام کی مرغی سے ایک کلو گوشت نکلتا ہے ۔ جس کی قیمت 750روپے تک بنتی ہے ۔ جبکہ کمشنر کراچی کی جانب سے فی کلو چکن کا سرکاری ریٹ 620 روپے مقرر کیا گیا ہے ۔ جس پر چکن کی فروخت ممکن نہیں ہوسکتی ہے ۔ ریٹیلرز ایسوسی ایشن کے مطابق چکن کی قیمت میں کمی کیلئے پولٹری فارمز سے سرکاری قیمت پر عملدرآمد کرانا ضروری ہے ، تاہم انتظامیہ بااثر پولٹری فارمز کے خلاف کارروائی نہیں کرتی ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں