مہنگی گیس کے باوجود 11گھنٹے کی بدترین لودشیڈنگ،غیر معمولی بل دیکھ کر شہری بلبلا اٹھے

مہنگی گیس کے باوجود 11گھنٹے  کی بدترین  لودشیڈنگ،غیر معمولی  بل  دیکھ  کر  شہری  بلبلا  اٹھے

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک،نیوزایجنسیاں)گھریلو صارفین کے لیے گیس کی قیمت میں 200 فیصد تک اضافہ ہونے کے باوجود گیس کی بدترین لوڈشیڈنگ جاری ہے ۔حکومت نے یکم نومبر سے گیس کی قیمتوں میں تقریباً 200 فیصد تک اضافہ کیا تھا۔

جس کی وجہ سے صارفین کو بھاری بل وصول ہو رہے ہیں، گیس کی قیمتوں میں حالیہ اضافے نے شہریوں کی پریشانی میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ قیمتوں میں 200 فیصد اضافے کے بعد غیر معمولی بل دیکھ کر عوام کی چیخیں نکل آئیں۔ صارفین نے بتایا کہ گزشتہ مہینوں اور سال کی نسبت بلوں میں بڑا فرق آ گیا ہے ۔صارفین نے کہا کہ پہلے بجلی کی قیمتوں نے زندگی مشکل کر رکھی ہے ، اب رہی سہی کسر گیس کے بلوں نے پوری کر دی ہے ۔ گیس کی لوڈشیڈنگ کا مجموعی دورانیہ 11 گھنٹے تک پہنچ گیا۔ گزشتہ روز رہائشی علاقوں میں گیس غائب ہوگئی اور لگ بھگ نصف شہر کے صارفین کو دن بھر گیس دستیاب نہیں رہی۔ اس سے قبل رات 11بجے سے صبح 7 بجے تک گیس پہلے ہی بند کی جا رہی ہے ۔گیس کی بندش کی وجہ سے گھریلو خواتین، ہوٹل مالکان، پکوان ہاؤس، دودھ فروشوں، مٹھائی اور کنفیکشنری بنانے والوں کو مشکلات کا سامنا ہے ۔ذرائع کے مطابق ڈیفنس،گزری،لانڈھی، شاہ فیصل کالونی ،سعود آباد، پی آئی بی کالونی،لائنز ایریا، اولڈ سٹی ایریا، صدر، پی ای سی ایچ ایس،اورنگی،گلشن معمار،کورنگی، نارتھ کراچی، ملیر، ماڈل کالونی، گلشن اقبال، نارتھ ناظم آباد، سرجانی، ناظم آباد، لیاقت آباد، گڈاپ سمیت مختلف علاقے گیس کی بندش سے زیادہ متاثر ہورہے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں