فلائی اوورز اور پلوں کی حفاظتی دیواریں ٹوٹ پھوٹ کا شکار،شہری اور ضلعی انتظامیہ حفاظت میں ناکام

فلائی اوورز اور پلوں کی حفاظتی دیواریں ٹوٹ پھوٹ کا شکار،شہری اور ضلعی انتظامیہ حفاظت میں ناکام

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)شہری وضلعی انتظامیہ شہر کے فلائی اوورزاورپلوں کی حفاظت میں ناکام ہوگئی ۔

سریانکالنے والے ہیروئنچیوں نے جام صادق فلائی اوور ،ملیر ندی فلائی اوور ناظم آباد فلائی اوور، یونس مل فلائی اوور، سہراب گوٹھ فلائی اوور اورقائد آباد فلائی اوورکی حفاظتی دیوارکے سریے نکال لیے جس سے یہ فلائی اووربدنمانظر آتے ے ہیں فلائی اوورز کے علاوہ ہیروئن کا نشہ کرنے والے افراد نے شہر کے درجنوں پیڈسٹرین بریجز کے اسٹیل پائپس کو کاٹ کر خطرناک بنادیاہے جس سے حادثات کے خدشات بڑھتے جارہے ہیں ۔نشے کے عادی افراد نے دن دیہاڑے لیاری ایکسپریس وے کے اطراف میں لگے ہوئے حفاظتی پائپ اوراسٹیل کی چادروں کو بھی کاٹ دیاہے ، شہریوں کی بڑی تعداد اس صورتحال سے پریشان مختلف علاقوں میں چوری کی وارداتوں میں بھی یہی مافیا سرگرم ہے موٹرسائیکلوں کی بیٹریاں چوری کرنے سے لیکر دیگر وارداتوں میں بھی یہی مافیا ملوث ہے مگر ضلعی انتظامیہ وشہری انتظامیہ نے ان کے حوالے سے مکمل خاموشی اختیار کررکھی ہے ۔ شہری حلقوں نے صوبائی حکومت اوردیگر متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیاہے کہ اس صورتحال کا نوٹس لیاجائے ۔ ذرائع کے مطابق کالعد م شہری حکومت کے دور میں سٹی وارڈن کا محکمہ شہرکے انفرااسٹرکچر کی دیکھ بھال کے لیے قائم کیاگیا تھا مگر اس محکمے پر کروڑوں روپے خرچ ہونے کے باوجود اس سے انفرااسٹرکچر کی دیکھ بھال کا کام نہیں لیاجارہاہے۔ شہری حلقوں نے میئرکراچی، کمشنر اورپولیس حکام سے مطالبہ کیاہے کہ نوٹس لیاجائے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں